خیبرپختونخوا: مفت آٹے کی تقسیم ، 2مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق
چارسدہ میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھَگدڑ مچنے سے 40 سالہ شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بھَگدڑ کے دوران زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنوں میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے مختص کیے گئے پوائنٹ نمبرسات بنوں فلور مل پر مفت آٹے کے انتظار میں کھڑے لوگوں پر دیوار گر گئی۔
دیوار گرنے سے دو افراد گل آزاد اور گل خان جاں بحق ہو گئے جبکہ لاش اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا۔
آج آٹا نہیں ملا تو کیا ہوا کل آجائیں، پرسوں آجائیں، نگراں وزیر خوراک
نگراں وزیر خوراک خیبرپختونخوا فضل الہیٰ نے کہا کہ آٹے کے حصول کے لیے شہری ایک ہی جگہ جمع ہوجاتے ہیں، سرکاری نمبر پر کال کرکے نہ آنے سے پریشانی ہوتی ہے۔
آج نیوز سے گفتگو میں کہا عوام آنے سے پہلے متعلقہ نمبر پر رابطہ کریں، آج آٹا نہیں ملا تو کیا ہوا کل آجائیں، پرسوں آجائیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کا آٹا تقسیم میں بد انتظامی کا نوٹس
وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے کمشنر بنوں، کمشنر پشاور،سیکٹری فوڈ اورڈائریکٹر فوڈ سے آٹے تقسیم میں بد انتظامی اور ہلاکتوں کے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی تاکہ غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ روانہ کی بنیاد پر مفت آٹا تقسیم رپورٹ پیش کی جائے گی، سیکٹری فوڈ،ڈائریکٹر فوڈ کو ہدایت کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مفت آٹا تقسیم میں بیواؤں بزرگ خواتین،بزرگ شہریوں کو الگ سہولتیں فراہم کی جائے۔
مزید کہا کہ ہر ضلع کا ڈپٹی کمشنر آٹا تقسیم، بازاروں میں پرائس کنٹرول کی مانیٹرنگ کریں اور ڈپٹی کمشنر آٹا پوانٹس پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
گزشتہ روزبہاولپورمیں بلدیہ روڈ پر سرکاری آٹے کے سیل پوائنٹ پر آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی۔ بھگدڑ کے باعث 8 خواتین شدید زخمی ہوئی تھیں جبکہ ایک خاتون کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔
Comments are closed on this story.