Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کردئیے

الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو انتخابات کی تاریخ دی تھی۔
اپ ڈیٹ 22 مارچ 2023 10:55pm

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کردیئے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں انتخابات اب 8 اکتوبر کو ہوں گے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پہلے 30 اپریل کو انتخابات کی تاریخ دی تھی۔

ای سی پی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے دیے گئے موقع کا استعمال کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی تجویز کردہ تاریخ سے ”انحراف“ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں نفری کی کمی، اور ملک میں تواتر سے جاری دہشتگردی کی کارروائویں کو جواز بنایا گیا ہے۔

 الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن
الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن

الیکشن کمیشن نے تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور داخلہ کی جانب سے بریفنگز کے بعد کیا۔

الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق آئی جی پنجاب نے امن وامان کی خراب صورت حال سے آگاہ کیا، انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے میں 5 ماہ لگیں گے، پنجاب میں 3 لاکھ 86 ہزار 623 اہلکاروں کی کمی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ صرف فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے ہی یہ کمی پوری ہوسکتی ہے۔

وزارت داخلہ نے بریفنگ میں کہا کہ سول، آرمڈ فورسز اسٹیٹک ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں ہوں گی۔

وزارت داخلہ کے مطابق فوج سرحدوں، اندرونی سکیورٹی، اہم تنصیبات کے تحفظ، غیرملکیوں کی سکیورٹی پر مامور ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا کہ سیاسی رہنما دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں، سیاسی رہنماؤں کو الیکشن مہم میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں مالی معاشی بحران ہے،آئی ایم ایف کی شرائط ہیں، حکومت کے لیے کے پی، پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا، حکومت کے لیے قومی اسمبلی، سندھ، بلوچستان کے انتخابات کیلئے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا، خراب معاشی صورت حال کے باعث فنڈ فراہمی مشکل ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت خزانہ نے فنڈز کی فراہمی سے معذرت کی تھی، جبکہ وزارت دفاع نے بھی سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کمیشن کی تمام تر کوششوں کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام ایگزیکٹو اتھارٹیز پنجاب میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے کمیشن کی مدد نہیں کر سکیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات آئین کے آرٹیکل 218(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور 8 سی کے تحت ملتوی کیے ہیں۔

آج ہونے والے قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ آئین کے تحت انتخابات بیک وقت ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ الیکشن کے انعقاد پر رہنمائی کرے، معزز ایوان میں ان نکات پر بحث کرائی جائے، آئین میں یہ درج ہے کہ الیکشن کے وقت نگراں حکومت ہو۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا الیکشن شیڈول واپس لے لیا گیا ہے اور اس حوالے سے صدر مملکت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اسمبلیوں کی تحلیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 14 جنوری 2023 کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں توڑ دی تھیں جس کے بعد دونوں صوبوں میں نگران حکومتیں قائم کی گئیں۔

دونوں صوبوں میں مقررہ مدت میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا۔

سپریم کورٹ نے پنجاب اور کیبر پختونخوا میں انتخابات 90 دنوں میں کرانے کا حکم دیا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو پنجاب میں الیکشن انتخابات کیلئے 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 30 اپریل مقرر کردی تھی۔

ECP

punjab election