Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عدالتی احکامات نہ ماننے پر چیف سیکریٹری سندھ کی تنخواہ روکنے کا حکم

ناظرسندھ ہائیکورٹ نے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو تنخواہ روکنے کے لئے خط لکھ دیا
شائع 22 مارچ 2023 06:01pm

سندھ ہائی کورٹ کے ناظر نے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت کی تنخواہ روکنے کے لئے خط لکھ دیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ آب پاشی کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

اشرف ڈی بلوچ نے سندھ ہائی کورٹ میں واجبات کی عدم ادائیگی پر درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے محکمہ آبپاشی سے رپورٹ طلب کی اور پھر واجبات ادا کرنے کا حکم دیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے 15 مارچ 2023 کو 3 دن میں واجبات ادا کرنے کا حکم دیا تھا، اور حکم دیا تھا کہ 3 دن میں عدم ادائیگی کی صورت میں چیف سیکریٹری کی تنخواہ روک دی جائے۔

چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت کی جانب سے تاحال رقم جمع نہ کرانے پر ناظر سندھ ہائی کورٹ نے اے جی سندھ کو چیف سیکریٹری سندھ کی تنخواہ روکنے کی ہدایت کردی ہے۔

ناظر سندھ ہائی کورٹ نے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو اس حوالے سے خط بھی لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ کی تنخواہ بند کر کے رپورٹ پیش کی جائے.

خط میں متن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ آبپاشی نے اشرف ڈی بلوچ کو عدالتی حکم کے باوجود تاحال 1 ارب روپے کے واجبات ادا نہیں کیے۔

Sindh High Court

Chief Secretary Sindh