Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

محمد خان بھٹی نے ویڈیو میں اپنے روابط اور کرپشن کا اعتراف کیا، عطا تارڑ

محمد خان بھٹی کے لگائے گئے الزامات اور بغیر وائٹ منی کے جائیدادوں کی خرید و فروخت کا کون جواب دے گا؟ لیگی رہنما
شائع 21 مارچ 2023 08:17pm
وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رہنما مسلم لیگ ن عطا اللہ تارڑ۔ فوٹو — فائل
وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رہنما مسلم لیگ ن عطا اللہ تارڑ۔ فوٹو — فائل

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رہنما مسلم لیگ (ن) عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ محمد خان بھٹی نے ویڈیو میں اپنے روابط اور کرپشن کا اعتراف کیا ہے۔

ایک بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ محمد خان کی ویڈیو میں بہت سے سوالات جنم لے رہے ہیں، قانون و انصاف کے حوالے سے کافی چیزوں کو دیکھنا ہوگا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ گوجرانوالا میں ایک پلازہ ہے جس کی منی ٹریل نہیں، محمدخان بھٹی نے ویڈیو میں اپنے روابط اور کرپشن کا اعتراف کیا، ان کے lگائے گئے الزامات اور بغیر وائٹ منی کے جائیدادوں کی خرید و فروخت کا کون جواب دے گا۔

دوسری جانب عطا تارڑ کے بیان پر محمد خان بھٹی کے بھتیجے ساجد احمد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محمد خان بھٹی کے بیان کی مبینہ ویڈیو معزز عدلیہ اور ججز کے خلاف عدلیہ مہم کا حصہ ہے۔

ساجد احمد نے کہا کہ بھٹی صاحب نے رحیم یار خان میں عدالت میں سب کے سامنے بیان دیا کہ انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، محمد خان بھٹی کے کیسز عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بندے کو مسلسل تقریباً ایک ماہ لاپتہ رکھ کر تشدد اور ادویات کے استعمال سے عدلیہ مخالف بیان ریکارڈ کروانا مریم نواز اور پی ڈی ایم کے عدلیہ مخالف بیان کو مزید قوت دینے کی بھونڈی کوشش ہے۔

محمد خان بھٹی کے بھتیجے نے کہا کہ اس کوشش میں پی ڈی ایم پہلے بھی ناکام رہے ہیں اور ان بیانات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، البتہ انہیں اس بار بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پی ٹی آئی کے صدر پرویزالٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں وہ بعض اہم عدالتی شخصیات پر پی ٹی آئی کی حمایت کا الزام لگا رہے ہیں۔

PDM

Viral Video

Ataullah Tarar

Muhammad Khan Bhatti

Politics March 21 2023