Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیمپئن بننے پر لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کا مودی اسٹائل میں جشن

ڈریسنگ روم میں برتن بجا کر فتح کا بھرپور جشن منایا
شائع 19 مارچ 2023 06:29pm
فوٹو ــ سوشل میڈیا
فوٹو ــ سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 8 میں مسلسل دوسری بار چیمپئن بننے پر لاہورقلندرز کے کھلاڑی خوشی سے نہال ہیں اور ڈریسنگ روم میں مودی اسٹائل میں جشن منایا ہے۔

مودی اسٹائل میں اس لئے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستانی عوام کو کورونا لاک ڈاؤن کے دنوں میں خوشی منانے کیلئے برتن بجانے کا حکم دیا تھا۔

پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے میں ملتان سلطانز کو شکست دینے والی لاہور قلندرز کی ٹیم خوشی کا بھرپور جشن منا رہی ہے۔ شاندار جیت کے بعد ٹیم نے ڈریسنگ روم میں برتن بجا کر فتح کا بھرپور جشن منایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔

واضح رہے کہ ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کیے۔

جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بناسکی۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پہلے بیٹنگ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اس کے بعد شاندار گیند بازی کے ذریعے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

سلطانز بیٹنگ

لاہور کے 201 رنز ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب رائیلی روسو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے۔ روسو نے 2 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ کپتان محمد رضوان نے بھی ٹیم کو جتوانے کی کوشش کرتے ہوئے 23 بالز پر 34 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ اور عباس آفریدی نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب لائے اور جیت کے لئے آخری اوور میں 13 رنز درکار تھے۔ ملتان کے بیٹر نے جان لڑا کر بیٹنگ کی لیکن آخری اوور میں 12 رنز ہی بناسکے۔

خوشدل شاہ نے 12 گیندوں پر 25 رنز اور عباس آفریدی نے 6 بالز پر 17 اسکور کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کی جانب سے مین آف دی میچ قرار پانے والے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پہلے بیٹنگ میں طوفانی اننگ کھیل کر 44 رنز بنائے اور پھر شاندار گیند بازی کروا کر ملتان کے 4 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

لاہور کی جانب سے راشد خان نے 2 اور ڈیوڈ ویز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ سلطانز کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

قلندرز بیٹنگ

لاہور کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 40 گیندوں پر دو چکھوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 65 رنز اسکور کیئے، کپتان شاہین آفریدی نے ناقابل شکست جارہانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ فخر زمان 39 اور مرزا بیگ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انور علی، احسان اللہ اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

Lahore Qalandars

PSL 8