Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل 8 فائنل: کیا قلندرز سلطانز کو پچھاڑ کر تاریخ رقم کرپائیں گے؟

پی ایس ایل فائنل میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز آج مدمقابل
شائع 18 مارچ 2023 11:15am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی ایس ایل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی ایس ایل

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 8 کا تاج کس کے سرسجے گا؟ لاہور قلندرز یا پھر ملتان سلطانز فیصلہ آج ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل مسلسل دوسرے سال لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں دوسرے ٹائٹل کے لئے میدان میں اتریں گی۔

لاہور قلندرز اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے پُرعزم ہیں جبکہ ملتان سلطانز کی نگاہیں بھی ٹائٹل پر مرکوز ہیں۔

فاتح ٹیم دوسری بار چیمپئن بنے گی تاہم قلندرز اعزاز کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن سکتی ہے۔

دونوں ٹیمیں تیسری بار پی ایس ایل کا فائنل کھیل رہی ہیں، پہلی بار لاہور قلندرز نے 2020 میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلا، جس میں اسے کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست ہوئی، اس کے بعد قلندرز 2022 فائنل میں پہنچے جہاں ان کا سامنا ملتان سلطانز سے ہوا اس بار قسمت نے قلندرز کا ساتھ دیا اور پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کی۔

دوسری جانب ملتان سلطان مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کا کھیل رہی ہے، ملتان نے پہلا فائنل 2021 میں کھیلا جس میں اسے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا، اس کے بعد 2022 کے فائنل میں ملتان کو لاہور کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

آج ایک بار پھر لاہور اور ملتان کی ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی، بیٹنگ لائن ایک بار پھر چھکے چھڑانے کے لیے بے تاب ہو گی جبکہ ان فارم بولرز حریف بیٹرز کی وکٹیں اڑانے کے لئے تیار ہیں۔

بہترین کرکٹرز سے مزین لاہور قلندرز نے ہدف کا دفاع نہ کرنے کا تاثر گزشتہ روز زائل کر دیا، بولنگ کمبی نیشن سے بھی بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔

چیمپئن ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے علاوہ 12 کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ملیں گے۔

ایکشن سے قبل مختصر اختتامی تقریب ہوگی میوزک کا تڑکا بھی لگے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی فائنل میں یہی دونوں ٹیمیں ایکشن میں تھیں اور اب ری پلے ہوگا، لاہور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

Lahore Qalandars

Multan Sultans

Final

PSL 8

LQ vs MS