Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کے گارڈ فادر کا پتہ چل گیا، ریاست گرفتار نہیں کرنا چاہتی، مریم نواز

پی ٹی آئی کو دہشت گرد جماعت کی طرح ڈیل نہ کیا گیا تو حکومت پر سوال ہوگا، مریم نواز
اپ ڈیٹ 17 مارچ 2023 06:19pm

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سہولت دینے والوں کی باقیات موجود ہیں، زلمےخلیل زاد کے بیان کے بعد اب پتہ چلا کہ عمران خان کا گارڈ فادر کون ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آگنائرز مریم نواز کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں جو کچھ دیکھنے کو ملا کبھی ایسا ملکی تاریخ میں نہیں ہوا، سیاست دان کسی خاص مقصد کیلئے پھانسی کا پھندہ بھی قبول کرتے ہیں، سیاسی قائدین نے جمہوریت کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں، اور یہ گرفتاری سے بچنے کیلئے ایسی حرکتیں کررہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ زمان پارک میں ریاست کے خلاف کھلے عام بغاوت ہوئی، اس دوران اپنے آپ کو سیاسی لیڈر کہنے والے کی حرکتیں سب نے دیکھی، عمران خان نے ریاستی رٹ چیلنج کی، بغاوت کو ہوا دی، قانون کے سامنے پیش ہونے سے بچنے کیلئے ریاست پر دھاوا بولا گیا، مسلح جتھوں نے پولیس پر پتھراؤ اور ڈنڈے برسائے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس جماعت کی تاریخ میں یہ سب پہلی بار نہیں ہوا، انہوں نے شارع دستور پر قبریں کھودی تھیں، انہوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا، پولیس پر پتھراؤ کیا، اہلکاروں کی ہڈیاں توڑیں، جلاؤ، گھراؤ، سول نافرمانی کی تحریک چلائی، اس وقت بھی ان کو صداقت وامانت کا سرٹیفکیٹ دیا گیا، اور اب بھی اس کو سہولت دینے والوں کی باقیات موجود ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو عدالتیں بلارہی ہیں، یہ پیش نہیں ہورہا، اب پتا چلا گاڈ فادر کون ہے، زلمے خلیل زاد کا اس کے حق میں بیان آیا ہے، جب مخالفین سے بدترین سلوک ہو رہا تھا اس وقت زلمے کہاں تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ ریاست اگر کسی کو پکڑنا چاہے تو یہ 5 منٹ سے زیادہ کا کام نہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ریاست ان کو پکڑنا نہیں چاہتی۔ انہوں نے معیشت کی راہ میں بارودی سرنگیں بچائیں، پاکستان کے تعلقات دوست ممالک سے خراب کرائے، معیشت کی تباہی، آئی ایم ایف ڈیل اور لاقانونیت کے ذمہ دار عمران خان ہیں، حکومت جانے لگی تو سائفر کی کہانی بنا کر لے آیا، اور خود اپنے امریکا سے تعلقات ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ن لیگ کی چیف آگنائزر کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے مجھے گرفتار کر کے بلوچستان بھیجنا چاہتے ہیں، ہم تمہیں گرفتارکر کےعدالت میں پیش کرنا چاہتے ہیں، دوسروں کو کہتا تھا کہ تلاشی کیوں نہیں دیتے، اب ہم پوچھتے ہیں فارن فنڈنگ، توشہ خانہ کیس میں جواب کیوں نہیں دیتے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم نے قانون کاتماشہ نہیں لگایا،عدالتوں میں پیش ہوئے، اور یہ ضمانت پارک کے بنکر میں بیٹھ کر کہتا ہے پولیس اہلکاروں پر پٹرول بم پھینکو، پہلے خیبرپختونخوا سے جتھے لا کر اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے، آج گلگت بلتستان سے پولیس لا کر پنجاب پولیس کے سامنے کھڑی کردی، کالعدم تنظیم کے لوگوں کو زمان پارک میں رکھا ہوا ہے، اور ریاست اسے گرفتار نہیں کرنا چاہتی، بلکہ بیٹھ کر تماشہ دیکھ رہی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان کی ہر بیماری کی جڑ عمران خان ہے، ریاست خون خرابہ نہیں چاہتی، لیکن اب ریاست کو اداروں کے ساتھ سرجوڑ کر بیٹھنا ہوگا، ریاست کو پی ٹی آئی کے اوپر سے سیاسی جماعت کا لیبل ہٹانا ہوگا، اور اس کو کالعدم دہشت گرد جماعت کے طور پر ڈیل کیا جانا چاہئے، اگر یہ نہیں ہوتا تو اس حکومت پر بہت بڑا سوال کھڑا ہوگا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اپنے بچے لندن میں بیٹھ کرعیش کر رہے ہیں، قوم کے بچوں کو کہتے ہیں کہ پولیس پر حملہ کرو، کہتےہیں ہیلی کاپٹر سے نمٹنے کا بھی پلان موجود ہے، سیاسی جماعتیں ٹکٹ دیتے ہوئےامیدوار کی عوامی خدمت دیکھتی ہیں، اور یاسمین راشد کہتی ہیں کہ میں اس کو ٹکٹ نہیں دوں گی جو بندے نہیں لائے گا، انہوں نے دنیا کا سب سے ناکام لانگ مارچ نکالا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف دل کے مریض ہیں لیکن عدالتوں میں پیش ہوئے، شہباز شریف کینسر کے مریض ہیں اور وہ بھی عدالتوں میں پیش ہوئے، پورا شریف خاندان ہر پیشی پر عدالت میں پیش ہوا کوئی بہانہ نہیں کیا، اور اس کو عدالت بلا رہی ہے پیش ہو جاؤ تمہیں کوئی گرفتار نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے، شہبازشریف اوراسحاق ڈار دن رات محنت کررہے ہیں، مہنگائی کو کنڑول کرنااس حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔

PMLN

Maryam Nawaz

ٰImran Khan