توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ معطل کردیئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں سیشن کورٹ کی جانب سے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج صبح چیلنج کیا تھا۔
عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل خواجہ حارث نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤؑقف اپنایا کہ کل سیشن کورٹ میں خود پیش ہو جاؤں گا، حلف نامہ تسلیم کرکے پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روکا جائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے درخواست پر آج ہی سماعت کی استدعا کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی وارنٹ منسوخی یا معطلی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ عمران خان خود رضاکارانہ طور پرعدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، انڈر ٹیکنگ نہ صرف موجود ہے بلکہ ایک اور درخواست بھی دی ہے، ہم نے ایڈمنسٹریشن کوسیکورٹی فراہم کرنے کا بھی کہا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔ خواجہ حارث نے عدالت کو مؤقف پیش کیا کہ انڈرٹیکنگ کے ساتھ ایسے اقدامات بھی کیے جس سے عمران خان پیش ہونا چاہتے ہیں، حکومت کو بھی عمران خان کو ملنے والی سیکورٹی تھریٹ سے آگاہ کیا ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اب آپ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں اور یقین دہانی کرا رہے ہیں، یہ جان لیں کہ یہ انڈرٹیکنگ عدالت کے سامنے بیان کے مترادف ہے، اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو اس کے نتائج ہوں گے، اگر خلاف ورزی کی گئی تو پھر توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کردیے، اور پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالتی حکمنامے کے مطابق عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کل تک معطل کئے گئے ہیں۔
عمران خان کو گرفتار کرنے سے روکنے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے سیشن کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے، وارنٹ معطلی کی درخواست خارج کرنے پر نوٹسز جاری ہوتے ہیں، سماعت 21 مارچ تک ملتوی کی جاتی ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار 18مارچ کو عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، اگر ہو عدالت میں پیش ہوجائیں تو انہیں گرفتار نہ کیا جائے، ان کی پیشی پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، اور پیشی کے دوران عدالت تک محدود افراد کو رسائی دی جائے۔
رجسٹرار آفس کے عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست پراعتراضات
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست پراعتراضات عائد کردیے۔
مزید پڑھیں: توشہ خانہ سے 300 ڈالر سے زائد کا تحفہ حاصل کرنے پر پابندی
رجسٹرار آفس اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بائیو میٹرک نہیں ہے، جس معاملے پر پہلے ہائیکورٹ فیصلہ کرچکی دوبارہ کیسے سن سکتی ہے، کسی پٹیشن پر کیسے بلیکنٹ آرڈر جاری کیاجا سکتا ہے؟۔
یاد رہے کہ سیشن کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کردی تھی۔
مزید پڑھیں: عمران خان نے ملک بھر میں درج مقدمات میں گرفتاری روکنے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا
خیال رہے کہ توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے ہی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، عدالت نے انہیں 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم جاری کر رکھا ہے۔
عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز وارنٹ کی منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا جہاں عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے درخواست نمٹا دی تھی اور حکم دیا تھا کہ عمران خان 18 مارچ کو پیشی سے متعلق ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی انڈرٹیکنگ ٹرائل کورٹ میں جمع کرائیں۔
Comments are closed on this story.