Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور 76 رنز پر ڈھیر، ملتان سلطانز مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

لاہور قلندرز نے ایونٹ کے اہم مقابلے میں سلطانز کے گیند بازوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے
اپ ڈیٹ 15 مارچ 2023 11:27pm
فوٹو — اے ایف پی
فوٹو — اے ایف پی

ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو پاکستان سپُر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے کوالیفائر میں 84 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس میں سلطانز نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

جواب میں لاہور قلندرز نے ایونٹ کے اہم مقابلے میں سلطانز کے گیند بازوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے اور یوں یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ 57، کپتان محمد رضوان 33 اور اوپننگ بلے باز عثمان خان 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بولنگ میں لاہور قلندرز کے حارث رؤف تین جب کہ راشد خان اور زمان خان ایک، ایک کھلاڑی کو پویلیئن کی راہ دکھانے میں کامیاب ہوئے۔

لاہور قلندرز کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں قلندرز کے کھلاڑی کریس پر اپنے قدم نہ جما سکے اور چند منٹ کے فاصلے پر آؤٹ ہوتے گئے، لاہور کے وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگز 19، حارث رؤف 15 اور ڈیوڈ ویزے 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اپنے ہدف کا شاندار دفاع کرتے ہوئے ملتان کے شیلڈن کوٹریل نے 20 رنز دیکر تین شکارکیئے جب کہ اسامہ میر دو اور انور علی، عباس آفریدی، کیرون پولارڈ اور احسان اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل 8 کا پہلا الیمنیٹر کل پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ دفاعی چیمپیئن کو رواں پی ایس ایل کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لئے الیمنیٹر 1 کی فاتح ٹیم کو دوسرے الیمنیٹر میں شکست دینا ہوگی۔

Lahore Qalandars

Multan Sultans

PSL 8