Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گاڑی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے ”ایک پر ایک فری“ کی ناقابل یقین شاندار آفر

ٹویوٹا اپنی گاڑیوں پر اتنی زبردست آفر کیوں دے رہا ہے۔
شائع 15 مارچ 2023 05:54pm

چین میں کار ساز کمپنیاں سخت مقابلے کے باعث سال 2022 کے آخر سے ہی بھاری رعایتیں دیتی آرہی ہیں، لیکن گزشتہ چند ہفتوں کے دوران معاملات کچھ زیادہ ہی آگے بڑھ گئے ہیں۔

ڈونگ فینگ موٹر کے جوائنٹ وینچر برانڈز نے سب سے پہلے گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی، اور اسے کار خریداری کی تاریخ میں سب سے بہترین ڈسکاؤنٹ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

اس میں ڈونگ فینگ ہونڈا، ڈونگ فینگ نِسان، ڈونگ فینگ فینگ شین، ڈونگ فینگ پیوجو، ڈونگ فینگ سیٹروین اور دیگر برانڈز شامل ہیں۔

ڈونگ فینگ ماڈلز کی قیمتوں میں 98 ہزار یوآن (14 ہزار 190 ڈالرز) یعنی پاکستانی تقریباً 40 لاکھ 13 ہزار سے زائد روپے تک کی کمی واقع ہوئی۔

اس کے بعد، بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز بینز، آؤڈی، ٹیسلا، شیورولے، وولوو، نسان، فاکس ویگن، اور دیگر برانڈز سمیت کئی کار ساز اداروں نے بھی اس کی پیروی کی۔

چینی موٹرنگ میڈیا کے غیر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق، اب تک کم از کم 30 آٹوموٹِو برانڈز اس پرائس وار میں شامل ہو چکے ہیں۔

لیکن ان تمام ڈسکاؤنٹس میں سب سے زیادہ دلچسپ آفر ”فا ٹویوٹا“ ڈیلرشپ کی طرف سے پیش کی جا رہی ہے، جو ”ایک خریدنے پر ایک فری“ کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، شین ژین ژونگ شینگمینکانگ ٹویوٹا نامی ایس فور ڈیلرشپ نے براہ راست ایک پروموشنل سرگرمی شروع کی ہے، جو ٹویوٹا ”BZ4X“ الیکٹرک ایس یو وی خریدنے پر ویوس سیڈان بالکل مفت حاصل کرنے کی پیشکش کررہی ہے۔

یہ حیرت انگیز پیشکش 31 مارچ 2023 تک کارآمد ہے۔

اس بے مثال آفر کے پیچھے کیا وجہ ہے؟

یہ چائنہ VI-B اخراج کے معیارات (ایمی شن اسٹینڈرڈ) کے نفاذ کا مرحلہ ہے۔

چین کی مسافر کار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل چوئی ڈونگشو کے مطابق کار کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں زبردست کمی کا چائنہ VI-A کے مطابق ماڈلز کی انوینٹری کلیئرنس سے گہرا تعلق ہے۔

یکم جولائی 2023 سے، وہ کاریں جو چائنا VI-B کے معیارات سے ہم آہنگ نہیں ہیں، انہیں فروخت، رجسٹرڈ، یا لائسنس یافتہ بھی نہیں کیا جا سکتا۔

چائنا VI-A اور چائنا VI-B اسٹینڈرڈز میں ایمی شن (اخراج) کی ایک ہی حدیں شامل ہیں، لیکن چائنا VI-B میں کچھ زیادہ سخت جانچ اور نگرانی کے تقاضے شامل ہیں۔

تجزیہ کاروں نے پیش گوئی کی ہے کہ جیسے جیسے چائنا VI-B کے سخت معیارات کے نفاذ کی تاریخ قریب آئے گی، کار کمپنیاں پرانے ماڈلز کی کلیئرنس کو تیز کر دیں گی اور قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی ممکن ہے کہ پرانے ماڈلز پاکستان میں انتہائی سستے داموں درآمد کئے جاسکیں۔

پاکستان

Toyota

Tesla

nissan

Buy One Get One Free

Discount Offer

Cheap Cars

China Cars

Audi

Chevrolet

Volvo

Mercedes Benz

Volkswagen