Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو اپنے نبی ﷺ کا مقدمہ لڑنے پر سزا دی جارہی ہے، اسد عمر

15 مارچ 2021 کو عمران خان کی کوشش سے اسلامو فوبیا کے خلاف دن منانے کا اعلان ہوا تھا، اسد عمر
شائع 15 مارچ 2023 03:59pm

پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو اقوام متحدہ میں اپنے نبی ﷺ کا مقدمہ لڑنے پر سزا دی جارہی ہے۔

زمان پارک کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان سمیت پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ لاہور میں پولیس کی جانب سے کس طرح فسطایت کا مظاہرہ کیا گیا، بے گناہ اور نہتے لوگوں پر شیلنگ کی جارہی ہے، لاٹھی چارج کیا جارہا ہے، واٹر کینن سے حملے کئے جارہے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسی حوالے سے کیس زیر سماعت ہے، کچھ اعتراضات تھے جو ختم ہوگئے ہیں، چیف جسٹس نے کہا ہے کہ میں بیٹھا ہوں اور فیصلہ کرکے جاؤں گا۔ لاہور ہائی کورٹ میں بھی عمران خان کی حفاطتی ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ اس تمام عدالتی کارروائی کے دوران اتنی بربریت اور تشدد کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکار زمان پارک پہنچے ہوئے ہیں جیسے انہوں نے کسی بہت بڑے دہشت گرد کو گرفتار کرنا ہے، یہ صرف توشہ خانہ کا مقدمہ ہے، جس کی حقیقت سب کو پہلے ہی پتہ تھی اور گزشتہ 3 دن میں ہر چیز کھل کر سامنے آگئی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسی توشہ خانہ سے پی ڈی ایم کی حکومت میں بیٹھے ہوئے لوگوں نے تحائف لئے، اور اس سے بہت ہی کم قیمت میں تحائف لئے گئے جس قیمت میں عمران خان نے لئے تھے، ماضی کے حکمرانوں نے بڑی بڑی گاڑیاں لیں، گھڑیاں بھی لیں اور انناس تک نہیں چھوڑے۔ دنیا سوچ رہی ہوگی کہ اس ملک کا قانون اور آئین کہاں ہے، کیا کوئی یقین کرے گا کہ یہ صرف توشہ خانہ کیس کی وجہ سے اتنا طوفان برپا کیا گیااور عوام پر ظلم و ستم کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ زمان پارک میں آپریشن 15 مارچ کو ہو رہا ہے، دو سال قبل اسی دن اقوام متحدہ نے اعلان کیا تھا کہ پوری دنیا میں اسلامو فوبیا کے خلاف دن منایا جائے گا، اور ایسے لوگوں کا ہاتھ روکا جائے گا جو ہمارے نبیﷺ کی گستاخی کرتے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس ساری جدو جہد اور کاوش کے پیچھے جس کا نام ہے وہ عمران خان ہے، جس نے پہلے اسلامی ممالک کو اپنے مؤقف پر راضی کیا اور پھر اس معاملے کو اقوام متحدہ لے کر گیا، عمران خان کے جہاد کی بدولت آج پوری دنیا میں اسلام دشمنی کے خلاف دن منایا جارہا ہے، اور آج اسی عاشق رسولﷺ کے گھر پر شیلنگ ہورہی ہے، وہاں لاٹھی چارج ہورہا ہے، یہ سوال ہے کہ کیا یہ اتفاق ہے یا اسی بات کی سزا دی جارہی ہے کہ عمران خان نے اپنے نبیﷺ کا مقدمہ کیوں لڑا۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ عمران خان کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، پوری قوم اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑی ہے، عدالتوں سے بھی امید ہے کہ انصاف کی بنیاد پر فیصلہ سنائیں گی، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس غیر قانون آپریشن کو روکا جائے، اور عوام پر ہونے والے ظلم کو ختم کیا جائے۔

pti

imran khan

Asad Umer

Zaman Park March 15 2023