راناثنا اور محسن نقوی خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، پرویز الہی
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ راناثنا اور محسن نقوی خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔
لاہور میں چوہدری شوکت علی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پرویزالہی نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیرداخلہ رانا ثنا اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔
پرویزالہی کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب میں الیکشن کے خوف سے پاگل ہو چکے ہیں، عدلیہ نے عمران خان کو 18 مارچ کو حاضر ہونے کا کہا تھا، اور انہوں نے پہلے ہی آپریشن شروع کردیا۔ محسن نقوی نے لاقانونیت کی ساری حدیں پار کر دی ہیں، ملکی تاریخ میں کبھی کسی سیاسی رہنما کے گھر پر پولیس فورس نے ایسے وحشیانہ حملہ نہیں کیا، رانا ثنا اللہ پولیس فورس کے سربراہ ہیں۔
مزید پڑھیں : زمان پارک کے باہر کشیدگی بدستور برقرار
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لئے 22 گھنٹے سے جاری آپریشن کے دوران زمان پارک کا علاقہ آج بھی میدان جنگ بنا ہوا ہے، اور پولیس اور کارکنان میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
عمران خان کی گرفتاری مشکل نہیں، پولیس صبر سے کام لے رہی ہے، وزیردفاع
عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے، اور رینجرز کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے ربر گن کا استعمال کیا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے پولیس اور رینجرز کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے، کارکنان نے پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کر کے پیچھے دھکیل دیا، جب کہ کارکنان نے پولیس کی گاڑی کو آگ لگا دی ہے۔
Comments are closed on this story.