Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

سمجھ نہیں آرہی آرمی چیف کیوں پی ڈی ایم کی پشت پناہی کررہے ہیں، عمران خان

کیا آمی چیف کو سمجھ نہیں آ رہی کہ ادارے کو نقصان پہنچ رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی
شائع 15 مارچ 2023 11:17am

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے آرمی چیف کی سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کیوں پی ڈی ایم کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتا جیل میں کیا ہوگا لیکن میں جیل جانے کے لئے تیار ہوں، انسان کو ہر چیز کے لیے تیار ہونا چاہیے، میری گرفتاری کی صورت میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو پارٹی بھی چلائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میری گرفتاری سے مجھے یا میری سیاست کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، لیکن ہمارے کارکنان زمان پارک کے باہر موجود ہیں، کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ ماضی میں ہماری جماعت کے رہنماؤں کو رات کے اندھیرے میں اٹھایا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے گرفتار کرکے وہ وعدے پورے کیے جا رہے ہیں جو موجودہ آرمی چیف کی تعیناتی کے موقع پر اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے نواز شریف سے کیے گئے تھے، حکومت کے تمام اقدامات اسٹیبلمنٹ کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں، آج اسٹیبلشمنٹ ان کی پشت پناہی چھوڑ دے تو یہ ایک دن بھی نہیں رہیں گے، اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کے بغیر موجودہ حکومت کچھ نہیں کر سکتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ آرمی چیف پی ڈی ایم کی پشت پناہی کیوں کررہے ہیں، کیا انھیں سمجھ نہیں آرہی کہ ادارے کو نقصان پہنچ رہا ہے، عجیب ماحول بن گیا ہے، افسوس ہے کہ فوج کو ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سامنے جارہا ہے، وہ کون سا ملک ہے جہاں عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کئے جاتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے اب اسٹیبلشمنٹ سے رابطے نہیں ہیں، لیکن ہم موجودہ آرمی چیف کو بھی یہی پیغام بھجوا رہے ہیں، جو جنرل باجوہ کو کہا تھا کہ بحران سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے الیکشن کروا لیں، ملک اور معیشت کو بچا لیں، جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا، تب تک ملکی معاشی حالت بہتر نہیں ہوگی، کیا موجودہ آرمی چیف کو سمجھ نہیں آرہی یا انہیں کچھ نظر نہیں آرہا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میرا کوئی جرم نہیں ہے، لیکن مجھ پر 80 مقدمات ہیں، جن میں ایک بھی کیس ایسا نہیں جو ثابت ہوجائے اور مجھے جیل جانا پڑے، جب کہ نواز شریف پاناما کیس میں جیل گئے تھے، جب آپ ملک کا پیسہ منی لانڈرنگ کرکے باہر بھیجیں، بڑے مہنگے فلیٹ میں رہیں اور ایک رسید نہ دکھا سکیں، تو قوم ایسے شخص کی حمایت نہیں کرتی، مجھے قوم 50 سال سے جانتی ہے، قوم مجھ پر بنائے کیسز نہیں مانتی، اس لئے میرے جیل جانے سے مجھے نہیں حکومت کو نقصان ہوگا۔

imran khan

BBC

Zaman Park March 15 2023