Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

توشہ خانہ تحفے کی ملکیت اس کی ہوتی ہے جس کو ملتا ہے، شاہد خاقان

کسی کی ہتک کرنے سے پہلے سوچ لیا کریں، سابق وزیراعظم
شائع 14 مارچ 2023 10:37am

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ تحفے کی ملکیت اس کی ہوتی ہے جس کو ملتا ہے، کسی کی ہتک کرنے سے پہلے سوچ لیا کریں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم پر بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے، مقدمات چلے اور ثبوت پیش نہیں کئے گئے، سالوں سے لوگ احتساب عدالتوں کے چکر لگاتے ہیں فیصلے نہیں ہوتے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ توشہ خانہ میں میرا بھی نام سامنے آیا ہے، توشہ خانہ کا تحفہ ملک کے عہدے دار کو ملتا ہے، توشہ خانہ تحفے کی مالیت کا اندازہ لگاتا ہے، اور تحفے کی ملکیت اس کی ہوتی ہے جس کو ملتا ہے، تحفے کی ادائیگی کر کے تحفہ وصول کیا جاتا ہے، کسی کی ہتک کرنے سے پہلے سوچ لیا کریں، اگر میں نے توشہ خانہ سے تحائف کو غلط طریقے سے حاصل کیا تو ضرور کارروائی کی جائے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم کوئی سیاسی جماعت نہیں بنا رہے، ن لیگ ہماری پارٹی ہے، جس نے مجھ پر جو مقدمہ بنانا ہے مقدمہ درج کریں، انصاف کا تقاضا ہے کہ نئے چیئرمین نیب غریب لوگوں کے کیسز ختم کریں، سیاست دانوں کے بے شک چلائیں۔

PMLN

Shahid Khaqan Abbasi