Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

میں اپنے کارکنوں کو زخم لگتا نہیں دیکھ سکتا، عمران خان

وزیراعلی اور پولیس جھگڑا کرانے کے لئے اشتعال دلانا چاہتے ہیں، عمران خان
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2023 03:58pm

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 صرف پی ٹی آئی کی الیکشن مہم روکنے کے لیے لگائی گئی ہے، میں اپنے کارکنوں کو زخم لگتا نہیں دیکھ سکتا۔

تحریک انصاف کی جانب سے لاہور میں آج ریلی شیڈول تھی، تاہم نگراں پنجاب حکومت نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے، اور اہم مقامات پر رینجرز بھی تعینات کردی گئی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بلا لیا ہے، جس میں موجودہ صورتحال میں ریلی نکالنے یا ملتوی کرنے کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پارٹی رہنما عمران خان کو موجودہ صورتحال پر بریفننگ دی گئی، جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی حتمی فیصلے کئے۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں دفعہ 144 صرف پی ٹی آئی کی الیکشن مہم روکنے کے لیے لگائی گئی، شہر میں باقی تمام عوامی ایکٹیویٹیز ہورہی ہیں، صرف زمان پارک کو کنٹیرز رکھ کر گھیر لیا گیا ہے، اور اس کے اردگرد پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی اور پولیس جھگڑا کرانے کے لئے اشتعال دلانا چاہتے ہیں، تاکہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مزید مقدمات درج ہوں، اس صورتحال سے الیکشن ملتوی کرانے کا بہانا ڈھونڈنا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن شیڈیول کا اعلان ہوچکا ہے، اب دفعہ 144 کیسے لگ سکتی ہے، کارکنوں سے کہتا ہوں اس جال میں نہ آئیں، ہم نے ریلی کو کل تک کے لیے مؤخر کردیا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ زمان پارک سیل کرنے کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں نکلے، لیکن میں اپنے کارکنوں کو زخم لگتا نہیں دیکھ سکتا، نہ ہی عوام اور پولیس کو چوٹ پہنچانے کی اجازت دوں گا، صرف اس لیے یہ فاشسٹ ہمارے خلاف مزید ایف آئی آر درج کر سکتے ہیں اور انتخابات سے بھاگنے کا بہانا تلاش کر سکتے ہیں۔

pti

imran khan

lahore