یہ ایمرجنسی لگانے کیلئے مجھے قتل یا کوئی دھماکا کروائیں گے، عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے دعویٰ کیا کہ الیکشن سے بھاگ کر ایمرجنسی لگانے کے لئے یہ لوگ مجھے قتل یا کوئی دھماکا کروائیں گے۔
کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کو کارکنوں پر بڑا ظلم ہوا تھا، 11سال کے بچےکو بھی پولیس پکڑ کر لے گئی، ظلِّ شاہ کے قتل پر سب سے زیادہ دُکھ ہوا، 25 مئی کو ان کا بازو توڑ دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو خدشہ تھا کہ مجھے گرفتار کرلیا جائے گا، ظل شاہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر موجود ہے، ظلِّ شاہ کو قتل کرکے لاش سڑک پر چھوڑ دی گئی جس کے بعد ہمارا کارکن لاش کو سروسز اسپتال لیکر گیا۔
نگراں وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب کی حالیہ پریس کانفرنس کے ردعمل میں عمران خان نے کہا کہ زرداری کے بغل بچے نے آج پریس کانفرنس کی، ہمارے خلاف زہر رکھنے والے کو نگراں وزیر اعلیٰ بنایا گیا، پہلے ظلِّ شاہ کے قتل کا الزام مجھ پر ڈالا گیا اور پھر کہتے ہیں طل شاہ حادثے میں جاں بحق ہوا۔
ظلِّ شاہ کے قتل کے ثبوت چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آئی جی پنجاب کو اپنے بیانات پر شرم آنی چاہئے، ظلِّ شاہ کو قتل کرنے کے بعد اب کوور اپ کرکے قتل کے ثبوت چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ یہ سمجھتے ہیں قوم بے وقوف ہے۔
تشدد کے بعد سے شہباز گل ذہنی طور پر مکمل ٹھیک نہیں ہوسکے
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل خواجہ آصف نے کہا افسران کو غلط احکامات نہیں لینے چاہئے، اس سے قبل ایسے ہی بیان پر شہباز گل کو برہنہ کرکے تشدد کیا گیا، شہباز گل اب تک ذہنی طور پر مکمل ٹھیک نہیں ہو سکے۔
ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں نواز شریف کے کیسز معاف کردو، مریم نوازکہتی ہیں عمران خان کو جیل میں ڈال دو، یہ آئین و قانون کو نہیں مانتے، ملک میں قانون کی بالادستی نہیں بلکہ طاقت کی حکمرانی اور جنگل کا قانون ہے۔
ظلِّ شاہ کی 64 جگہوں پر تشدد ہوا، عمران خان کا دعویٰ
ظلِّ شاہ کے قتل پر چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مریم نواز نے کل کہا یہ حادثہ تھا، آج نگراں حکومت نے بھی مریم نواز کا مؤقف اپنا لیا، ایک ملنگ کو تشدد کرکے قتل کیا گیا، ظلِّ شاہ کے زیر حراست حساس اعضاء سمیت 64 جگہوں پر تشدد کیا گیا جس کے نشانات بھی موجود ہیں، البتہ جب مجھے انصاف نہیں ملا تو ظلِّ شاہ کو کیسے ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس پر ظلم ہو رہا ہےاسی کے خلاف مقدمات بن رہے ہیں، مجھ پر 80 کیسز بنائے جا چکے ہیں، طاقتور لوگ ظلم کا نظام بچانا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں خوف ہے کہ الیکشن میں عوام کا سمندر نکلے گا، یہ الیکشن سے بھاگ کر ایمرجنسی لگانا چاہتے ہیں، یہ ایمرجنسی لگانے کے لئے مجھے قتل کریں گے یا کوئی دھماکہ کروائیں گے۔
وقت آگیا ہے کہ عدلیہ کو مافیاز کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مجرم ملک کا نظام چلا رہے ہیں، میں اپنے خون کے آخری قطرے تک ان کا مقابلہ کروں گا، البتہ عدلیہ پاکستان کو بنانا ری پبلک بننے سے روک سکتی ہے، اللہ تعالیٰ نے عدلیہ پر بھاری ذمہ داری عائد کی، وقت آگیا ہے کہ عدلیہ کو مافیاز کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔
عمران خان کا لاہور ہائیکورٹ سے ظلِّ شاہ کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ
عمران خان نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے ظلِّ شاہ قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ظلِّ شاہ کے قتل کی جوڈیشل کمیشن سے تحقیقات کرائی جائے، اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی موجود ہے۔
عمران خان کا نگراں حکومت، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے استعفے کا مطالبہ
اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نے عمران خان نے الیکشن کمیشن سے نگراں حکومت سے استعفیٰ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نگراں حکومت سے استعفیٰ لے جب کہ آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے بھی استعفیٰ لیا جائے۔
عمران خان کا کل لاہور میں انتخابی ریلی نکالنے کا اعلان
کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کل کی الیکشن ریلی خود لیڈ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ لاہور میں موجود کارکنان تیار رہیں، کل کی انتخابی ریلی کی قیادت کروں گا، پی ٹی آئی ریلی پر تشدد کے خلاف کل شہر کی سڑکوں پر نکلیں گے لہٰذا عوام بھرپور انداز میں شرکت کریں۔
Comments are closed on this story.