Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کا معاملہ لٹک گیا

گورنرغلام علی اور الیکشن کمیشن کی مشاورت بغیر نتیجہ ختم
اپ ڈیٹ 08 مارچ 2023 02:08pm

خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کا معاملہ لٹک گیا اور گورنر کے پی غلام علی اور الیکشن کمیشن کی مشاورت بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کیلئے الیکشن کمیشن ٹیم گورنر ہاؤس پشاور پہنچی، ٹیم میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکرٹری اور ڈی جی لاء شامل تھے۔ جب کہ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا بھی ٹیم کے ہمراہ تھی۔

الیکشن کمیشن کی ٹیم اور گورنر خیبر پختونخوا حاجی غُلام علی سے انتخابات کی تاریخ پر مشاورت ہوئی، تاہم دونوں فریقین میں خیبرپختون خوا میں انتخابات کی تاریخ پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اور گورنر خیبرپختون خوا کے مابین ہونے والی مشاورت بغیر نتیجہ ختم ہوگئی ہے اور صوبے میں انتخابات کی تاریخ کا معاملہ لٹک گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مشاورت میں گورنر غلام علی نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پر امن انتخابات کے انعقاد پر زور دیا، تاہم الیکشن کمیشن حکام نے گورنر کو سیکیورٹی پر بریفنگ دینے سے معذرت کرلی، اور گورنر کو انتخابی تاریخ تک محدود رہنے کا مشورہ دیا، جس کے باعث دونوں کے مابین تاریخ کے حوالے سے ڈیڈلاک برقرار ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر گورنرغلام علی نے الیکشن کمیشن کو مشاورت کے لیے بلا رکھا تھا۔

ECP

Haji Ghulam Ali