Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل 8: پشاور زلمی کی چوتھی کامیابی

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 35 رنز سے ہرادیا
اپ ڈیٹ 07 مارچ 2023 06:47pm
فوٹو۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔ کرک انفو

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) 8 کے 23 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ صائم ایوب کو 68 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 19.3 اوورز میں پوری ٹیم 207 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پشاور زلمی کے 208 رنز ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے بلے باز شروع سے ہی دباؤ میں رہے۔ پشاور کے ارشد اقبال اور وہاب ریاض کے تباہ کن اسپیل کے سامنے لاہور کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 19 ویں اوور کی چوتھی بال پر 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حسین طلعت اور کپتان شاہین شاہ اۤفریدی نے بھرپور مزاحمت کی۔ حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے، جس میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں۔

شاہین شاہ اۤفریدی نے نے 52 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ لاہور کے سکندر رضا 20 اور فخر زمان 11 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ان کے علاوہ لاہور کا کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکا۔

پشاور کی جانب سے وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو اۤؤٹ کیا۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ عامر جمال کے حصے میں ایک وکٹ اۤئی۔ لاہور قلندرز کا ایک کھلاڑی رن اۤؤٹ بھی ہوا۔

کپتان بابراعظم اور نوجوان صائم ایوب نے ابتداء سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، نوجوان بیٹر صائم ایوب نے 36 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

کپتان بابراعظم 41 گیندوں پر 50 رنز بناسکے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث 9، ٹام کیڈمور 36 اور حسیب اللہ خان 12 رنز بناسکے۔

تاہم اس کے بعد پشاور وکٹوں کی لائن لگ گئی پشاور زلمی کی پوری ٹیم آخری اوور میں 207 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4، حارث رؤف، راشد خان اور زمان خان 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔

واضح رہے پشاور کے ہاتھوں شکست سے دو چار ہونے والی لاہورقلندرز کی ٹیم پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی ہے، پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت لاہور قلندرز پہلے اور پشاور زلمی چوتھے نمبر پر ہے۔

لاہور قلندرز نے 7 میچ کھیل کر 6 جیتے جبکہ پشاور زلمی نے 6 میچز کھیل کر 3 جیتے ہیں۔

دوسرا میچ شام 7 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پوانٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا دوسرا اور ملتان سلطانز کا تیسرا نمبر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 7 میں سے 5 میچز میں کامیابی سمیٹی جبکہ ملتان سلطانز نے 7 میچز کھیل کر 4 میں فاتح رہی۔

rawalpindi

Lahore Qalandars

TOSS

peshawar zalmi

Shaheen Shah Afridi

Baber Azam

PSL 8

lq vs pz