Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اپنے حقوق کیلئے خود کو شمار کروائیں، مردم شماری میں حصہ کیسے لیا جائے، جانئے

ڈیجیٹل مردم شماری میں خود کو کس طرح رجسٹر کیا جاسکتا ہے؟
شائع 06 مارچ 2023 05:04pm
تصویر بزریعہ پی بی ایس
تصویر بزریعہ پی بی ایس

رواں سال ہونے والے عام انتخابات سے قبل ہر فرد کے ڈیموگرافک ڈیٹا کو محفوظ طریقے سے جمع کرنے کی کوشش میں یکم مارچ 2023 سے پاکستان میں پہلی ”ڈیجیٹل“ آبادی اور ہاؤسنگ مردم شماری کا آغاز کیا جاچکا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ڈیجیٹل مردم شماری میں حصہ لیں، کیونکہ یہ ڈیٹا حکومت کو آبادی اور سماجی و معاشی حالات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں وسائل کی تقسیم کو بہتر بنانے کی اجازت دے گا۔

انہوں نے جمعہ کو سندھ لٹریچر فیسٹیول میں کہا کہ، ”اگر آپ خود اندراج کرنے سے قاصر ہیں، تو مردم شماری کا عملہ آپ کے گھر جائے گا۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی اور آپ کے خاندان کے افراد کی تفصیلات کو درست طریقے سے نوٹ کیا جائے۔“

وزیراعلیٰ سندھ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اگر مردم شماری کا عملہ بروقت گھروں تک نہیں پہنچتا تو اپنے علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کریں۔

اگر مردم شماری کرنے والا اپنی تفصیلات درست طریقے سے ریکارڈ نہیں کرتا تو شہری شکایت درج کرانے کے لیے پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (ادارہ شماریات) کی ٹول فری ہیلپ لائن (0800-57574) کا استعمال کر سکتے ہیں۔

پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) نے ایک آن لائن خود شماری پورٹل شروع کیا ہے، جو ملک بھر کے افراد اور فیملیز کو قومی ڈیٹا بیس میں اپنی ذاتی اور گھریلو معلومات شامل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

یہ پورٹل 20 فروری کو شروع کیا گیا تھا۔ خود شماری کی ابتدائی آخری تاریخ 3 مارچ مقرر کی گئی تھی، لیکن پی بی ایس نے خود شماری کی آخری تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔

یہ ڈیٹا گھریلو بنیادوں پر جمع کیا جاتا ہے۔ ہاسٹل، مذہبی ادارے، بحالی کے مراکز، یتیم خانے اور اولڈ ایج ہوم کو ’اجتماعی گھرانے‘ سمجھا جاتا ہے اور وہ خود شماری کے پورٹل کے اہل نہیں ہیں۔

یہاں ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ آپ ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے لیے اپنی معلومات درج کرنے کے لیے پورٹل کا استعمال کیسے کر سکتے ہیں۔

پہلا مرحہ، رجسٹریشن

آپ ادارہ شماریا کی ویب سائٹ کے اس پورٹل https://self.pbs.gov.pk پر جائیں۔

رجسٹریشن فارم میں اپنا موبائل نمبر اور پتہ درج کریں۔

آپ کو تصدیق کے لیے چھ ہندسوں کے کوڈ والا ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا۔

کوڈ درج کریں اور سائن اپ کریں۔

دوسرا مرحلہ، لاگ اِن کریں

رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد اپنے موبائل نمبر اور پاس ورڈ کے ساتھ پورٹل میں لاگ ان کریں۔

تیسرا مرحلہ، خاندانی معلومات

سربراہ سے شروع کرتے ہوئے، اپنی اور اپنے خاندان کے افراد کی معلومات درج کریں۔ بقیہ فیملی میمبرز کو تاریخی ترتیب میں شامل کرنا ضروری ہے۔

اس حصے کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے حصے میں، صارفین کو ان لوگوں کے نام، عمر، جنس اور دیگر تفصیلات شامل کرنا ہوں گی، جو چھ ماہ سے ایک ہی گھر میں رہ رہے ہیں یا رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

گھر کے ان افراد کی تفصیلات بھی شامل کی جا سکتی ہیں جو عارضی طور پر کہیں اور رہ رہے ہیں۔

مطلوبہ فیلڈز کو پُر کرنے کے بعد، اگلے فرد کو شامل کرنے کے لیے ’Save Member‘ پر کلک کریں۔ تمام اراکین کو شامل کرنے کے بعد، ’ Go to Next Step’ کو منتخب کریں۔

دوسرے حصے میں ہر اس فرد کی بنیادی تفصیلات کی ضرورت ہوتی ہے جسے آپ نے فہرست میں شامل کیا ہے، بشمول ان کا مذہب، مادری زبان، تعلیم کی سطح، ملازمت کی حیثیت، ہجرت کی تاریخ، اور کام کی حدود (اگر کوئی ہے)۔

تمام معلومات کو محفوظ کریں اور اگلے مرحلے پر جائیں۔

چوتھا مرحلہ، رہائش کی معلومات

اپنی رہائشی معلومات درج کریں، بشمول گھر کی حیثیت، گھر کا مالک، گھر کے لیے استعمال ہونے والا مواد، پینے کے پانی کا ذریعہ وغیرہ۔

پانچواں مرحلہ، ڈیٹا کا جائزہ لیں اور تصدیق کریں

ایک بار جب آپ دونوں حصوں کو مکمل کر لیں، تو یقینی طور پر گھر کے ہر فرد کی شامل کی گئی تفصیلات کا جائزہ لیں اور ان کی تصدیق کریں۔

اگر فارم میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت ہے تو، معلومات کو درست کرنے کے لیے متعلقہ فیلڈ پر کلک کریں۔

چھٹا مرحلہ، اپنا ڈیٹا جمع کروائیں

مکمل شدہ مردم شماری کا سوالنامہ جمع کروائیں۔

آپ کو ایک منفرد ٹوکن نمبر (UTN) کے ساتھ ایک SMS موصول ہوگا۔

اسUTN کو محفوظ کریں اور آنے والے ہفتوں میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے حکومتی نمائندوں کے گھر آنے کا انتظار کریں۔

انہیں اپنا UTN دکھائیں اور اپنے ڈیٹا کی تصدیق کروائیں۔

آپ کے ڈیٹا کی تصدیق ہونے کے بعد مردم شماری والے آپ کے گھر کو جیو ٹیگ کریں گے۔

خیال رہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری یکم اپریل تک جاری رہے گی۔

sindh

Digital Census