Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان اپنے انجام کو پہنچ گیا، تم کیوں اپنی نوکریوں کے پیچھے پڑے ہو، مریم نواز

عمران خان امریکیوں سے معافی مانگ کر پتلی گلی سے نکل گیا، رہنما ن لیگ
اپ ڈیٹ 03 مارچ 2023 06:16pm
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز۔ فوٹو — اسکرین گریب
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز۔ فوٹو — اسکرین گریب

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی بیٹی قوم کے سامنے کھڑی ہے، تمہاری بیٹی کہاں ہے، جو اپنی بیٹی کو تسلیم نہیں کرتا وہ عوام کا خیال کیا رکھے گا۔

گوجرانوالہ میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2018 میں الیکشن آر ٹی ایس بٹھا کرچوری کیا گیا تھا، لیکن اس وقت بھی سب سے بڑے فتنے، فراڈ، نو سر باز، گھڑی چور کو گوجرانوالہ نے پہچان لیا تھا، اور 2018 میں گوجرانوالہ نے مسلم لیگ ن کو جتوایا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ جو کہتے ہیں نوجوان ن لیگ کے ساتھ نہیں وہ اس کنونشن کو دیکھ لیں، گوجرانوالہ والو کیا بات ہے،آج تم ٹرک بھرکر لے آئے ہو، فواد چوہدری کی آڈیو سنی ہے، عدالت کے آگے ٹرک کھڑا کردیا تھا، اب یہ نہ کہہ دینا ٹرک مریم نواز چلا رہی تھی، اب مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں، ٹرک چلتا دیکھ کر لوگ خود سمجھ جائیں گے۔

لیگی چیف آگنائزر نے کہا کہ مریم نوازشیشہ دکھاتی ہے تو توہین عدالت ہوجاتی ہے، اور نواز شریف کو اقامہ رکھنے اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا جاتا ہے، تم نے اپنی جائیداد اور بیٹی چھپائی، اسی جھوٹ کے ساتھ تم نے 4 الیکشن لڑے، نواز شریف کی بیٹی قوم کے سامنےکھڑی ہے، تمہاری بیٹی کہاں ہیں، جو اپنی بیٹی کو تسلیم نہیں کرتا وہ عوام کا خیال کیا رکھے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو ایک ویزے پر نکالا گیا، وہ اپنی بیوی کوبسترمرگ پر چھوڑ کر آیا، اور عدالتوں میں کہا جاتا ہے کہ نوازشریف ایک گھنٹے میں پیش ہو، جب کہ ان کو بلایا جاتا ہے تو یہ بلستر دکھا دیتے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو نوازشریف کی بیوی کی بیماری کا مذاق اڑاتے تھے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو وزارت عظمی سے نکالا گیا، پارٹی کی صدارت سے ہٹایا گیا، اور تاحیات نااہل کردیا گیا، ان کی سرکاری دفتر نہ رکھنے والی بیٹی کو 10سال کی سزا سنا دی گئی، جب کہ ایک طرف 190 ملین پاؤنڈ اپنے دوست کی جیب میں ڈال دیئے گئے، گھڑیاں چوری کی گئیں، پیسے لے کر تقرروتبادلے کرائے گئے، انہیں ضمانت پارک میں بیٹھے ہوئے ہی ضمانت مل جاتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جو لوگوں کو کہتا تھا ہم کوئی امریکا کےغلام ہیں، وہ ضمانت پارک میں بیٹھ کر امریکیوں سے ملاقات کر رہا ہے، اس نے جھوٹے سائفر پراپنی حکومت توڑی، اور خود امریکیوں سے معافی مانگ کر پتلی گلی سے نکل گیا۔

چیف آگنائزر ن لیگ کا کہنا تھا کہ کل جیل بھرو تحریک بھی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ اختتام کو پہنچی، وہی جیل بھرو تحریک جو شروع ہی نہیں ہوئی، تو معطل کیسے ہو گئی، تاریخ میں جیل بھرو تحریک بڑی کامیاب تحاریک ہوتی تھیں، لیکن جب لیڈر ضمانت پارک میں بیٹھا ہو گا تو کارکن کیوں جیلیں بھریں گے، اب کہتا ہے کہ ڈاکٹرز میں مجھے فٹ قرار دے دیا ہے، عدالت میں پیش ہونا تھا تو ٹانگ ٹوٹی تھی، جلسوں میں جانے کیلئے ٹھیک ہوگئی۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ جس اسمبلی سے اکڑ کر نکلا تھا، وہاں جانے کیلئے منتیں کرتا ہے، جو شخص ہوش وحواس میں نہ رہتا ہو، منشیات کا عادی ہو، کیا ایسے شخص کے ہاتھ میں 22 کروڑ افراد کی تقدیر دی جاسکتی ہے، ایسے شخص کی درخواستیں نہیں سنتے پاگل خانے میں بھرتی کراتے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ 70 سال کے قرضے 4 سال میں دگنےکرنے والا پوچھتا ہے ڈالر کیوں مہنگا ہوا، آج کہتے ہیں پاکستان کیوں نیچے جارہا ہے، پاکستان اس لئے نیچے جا رہا ہے کیونکہ نوازشریف کے ساتھ سازش کی گئی تھی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست کی کشتی گہرے پانی میں ڈوب چکی ہے، یہ شخص اپنے انجام کو پہنچ گیا، اس کے سہولت کاروں کو کہتی ہوں تم کیوں اپنی نوکریوں کے پیچے پڑے ہو، اس شخص نے پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کو اپنی پارٹی کا سب سے بڑاعہدہ دے دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن انتخابات کیلئے تیار ہے، اور الیکشن کے میدان میں اترچکی ہے، چوہوں کی طرح گھرمیں چھپ کر بیٹھنے والو اپنا انتخابی نشان ٹرک رکھ لو۔

pti

PMLN

imran khan

mariyam nawaz