Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب کے پی انتخابات: الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق

انتخابی تاریخوں کی تجویز میں رمضان اور عید کو مدنظر رکھا جائے گا، ذرائع الیکشن کمیشن
اپ ڈیٹ 02 مارچ 2023 03:59pm

الیکشن کمیشن دو صوبوں میں انتخابات کے لئے وزارت داخلہ سے سیکیورٹی اور وزارت خزانہ سے فنڈز کی فراہمی کے لئے خط لکھے گا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں دوسرا اجلاس جاری ہے، جس میں ممبران الیکشن کمیشن و سیکرٹری شریک ہیں۔

الیکشن کمیشن کا صدر اورگورنرخیبرپختونخوا سے مشاورت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا سے دوبارہ مشاورت کے حوالے سے بات چیت کی گئی، جب کہ الیکشن کمیشن کے لاء ونگ کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے اور قانونی نکات پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختون خوا میں انتخابات کے لئے وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کو خط لکھنے پر غور کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن خط میں دونوں صوبوں میں انتخابات کے لئے وزارت داخلہ سے سیکیورٹی اور وزارت خزانہ سے فنڈز کی فراہمی کا کہے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں صوبوں میں انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور دونوں صوبوں کی مجوزہ تاریخوں پر مشاورت پر انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی تاریخوں کی تجویز میں رمضان اورعید کو مدنظررکھا جائے گا، انتخابی تاریخوں پر اسٹیک ہولڈرز سے حتمی مشاورت ہوگی، صدر اور گورنر نے مشاوررت کی تو الیکشن کمیشن شریک ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری داخلہ کی ملاقات

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے ملاقات کی ہے، اور ذرائع کا کہناہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے ایف سی اوررینجرزمانگ لی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پرعلمدرآمد کے پابند ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن کو رینجرز کی درکار نفری سے متعلق پوچھا، اور کہا کہ الیکشن کمیشن تحریری طورپر نفری کی ڈیمانڈ سے آگاہ کرے۔

الیکشن کمیشن کا صدر اورگورنر سے مشاورت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا تھا جس میں لاء ونگ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی، جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مشاورت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے مطابق ایک مرتبہ پھر خطوط کا سلسلہ شروع کیا جاسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مزید مشاورت کے لئے آج دوبارہ اجلاس طلب کر رکھا تھا۔

ECP

Supreme Court of Pakistan