Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں مہنگائی کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

رواں برس فروری میں افراط زر کی شرح 31.5 فیصد رہی
شائع 02 مارچ 2023 12:35pm

رواں برس فروری میں افراد زر کی شرح 31 اعشاریہ 5 فیصد رہی اور ملک میں مہنگائی نے 48 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

ملک بھر میں مہنگائی عروج پر ہے، اور پاکستان میں مہنگائی کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، رواں برس آٹا، دالیں، گھی، مرغی سمیت تمام اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کے بدترین طوفان نے 48 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں 1975 میں افراط زر 29 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب کہ رواں برس فروری میں افراط زر کی شرح 31.5 فیصد رہی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک سال کے دوران میں آٹا 56 فیصد مہنگا ہوا، اور دالوں کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس پیاز 416 فیصد، چکن 98 فیصد، انڈے 78 فیصد، چاول 77 فیصد اور گھی 45 فیصد مہنگا ہوا۔

ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 2.78 فیصد اضافہ

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق شہروں میں آٹا 55.92 فیصد، چکن 96.86 فیصد، پیاز 416.74 فیصد، چاول 77.81 فیصد، کوکنگ آئل 50.66 فیصد، خوردنی گھی 45.89، انڈے 78.73، دال مونگ 56.43 فیصد، دال چنا 55.99 اور سبزیاں 11.60، فیصد مہنگی ہوئیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں دیہاتوں میں گندم 82.33 فیصد، آٹا 48.91 فیصد، چکن 100.14 فیصد، پیاز 517.77 فیصد، چاول 74.98 فیصد، گھی 42.10 فیصد اور دال مونگ 64.18 فیصد مہنگی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہ فروری میں شہروں میں مہنگائی کی شرح میں 4.54 فیصد، اور دیہی علاقوں میں 4.01 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری مہنگائی کی شرح 26 اعشاریہ 19 فیصد ریکارڈ کی گئی، رواں مالی سال میں مجموعی طور پر تجارتی خسارے میں 33 اعشاریہ 18 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

دوسری جانب لاہور میں بھی روز مہنگائی کا نیا ریکارڈ بن رہا ہے، آٹا، گھی، سبزی اور گوشت سمیت ہر شےعام آدمی کا بجٹ آؤٹ کررہی ہے، جس سے عوام اور دکاندار دونوں ہی پریشان ہیں۔

شہر میں اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں تمام ریکارڈ توڑتی جا رہی ہیں، سبزی ہو یا دال، ہر روز ہی الگ قیمت، تنخواہ دار طبقہ تو پس گیا ہے۔ دکانوں پر سبزیاں، دالیں اور چاول لانا بھی اب آسان نہیں رہا، اور دکاندار کہتے ہیں ٹیکس اتنے لگا دئیے گئے ہیں کہ اشیاء خریدنا ہی بس سے باہر ہے۔

لاہور میں ادرک اور لہسن 640 روپے، چکن 654 روپے کلو، گھی 600 روپے کلو، کریلا 400 روپے کلو، دال مونگ 300 روپے کلو اور چاول 400 روپے کلو پر پہنچ گئے ہیں۔

food inflation

Pakistan Inflation

Inflation March 2 2023