Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

انتخابات ازخود نوٹس: سپریم کورٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے کیا کہا

سپریم کورٹ کے فیصلے پر یاسمین راشد کا خوشی کا اظہار، مٹھائی تقسیم کی
اپ ڈیٹ 01 مارچ 2023 02:40pm

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا، مسرت جمشید چیمہ

پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا، پاکستان کو آئین اور قانون کے مطابق چلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی اور امن وامان کے مسائل کا سامنا ہے، سیاسی لوگوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،

مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ انتخابات قانون و آئین کے مطابق ہونا چاہئیں، آج پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں۔

ہمارا مؤقف سپریم کورٹ کے پانچوں ججز نے تسلیم کیا، فواد چوہدری

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ آج پھر آئین کی فتح ہوئی ہے، آج جو فیصلہ ہوا ہے وہ متفقہ فیصلہ ہے، ہمارا مؤقف پانچوں ججز نے تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہورہائیکورٹ بھی فیصلہ دے چکا کہ 90 روز میں الیکشن ہونا ہیں، پنجاب کے الیکشن کا اعلان صدر مملکت اور گورنر کریں گے، آئین الیکشن کے بغیر ریاست کا تصور ہی نہیں کرتا ہے۔

قوم الیکشن کی تیاری کریں، یہ بہت بڑی فتح ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ قوم الیکشن کی تیاری کریں، یہ بہت بڑی فتح ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک میں آئینی بحران پیدا ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے 90 روز میں الیکشن کا حکم دیا ہے، عدالتی فیصلہ عمران خان کی فتح ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے جارہی ہے۔

پی ڈی ایم والے سپریم کورٹ پر حملے شروع کردیں گے، علی زیدی

پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ قانون اور آئین بہت واضح ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہم سب کے لئے قابل احترام ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین وقانون کی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام ہی صاف اور شفاف الیکشن کے لئے ہر وقت تیار رہنا ہے، سندھ میں انتخابات پر سوالیہ نشان ہے، شفاف انتخابات کے لئے ہم نے ای وی ایم کا آپشن دیا۔

علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری جیل بھرو تحریک آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے ہے، کچھ دیرمیں پی ڈی ایم والے سپریم کورٹ پر حملے شروع کردیں گے، دیکھنا ہے کہ محترمہ پر توہین عدالت لگتی ہے یا نہیں۔

آج فیصل آباد میں گرفتاریوں کی بجائے اللہ کا شُکر ادا کیا جائے گا، اعجاز چوہدری

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ اللہ کریم کا شُکر ہے کہ پاکستان میں آئین بحال ہے، الیکشن 90 روز میں ہوں گے، آج فیصل آباد میں گرفتاریوں کی بجائے اللہ کا شُکر ادا کیا جائے گا، بھرپور جلسہ ہوگا مگر گرفتاریاں نہیں دی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے روز کے لئے گرفتاریاں نہیں دیں جائیں گی، صورت حال کی وضاحت کے بعد چیئرمین حتمی فیصلہ کریں گے۔

اپنی ٹیم کے ساتھ خوشیاں منارہی ہوں، یاسمین راشید

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ٹویٹ کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ خوشیاں منارہی ہیں۔

یاسمین راشد نے مٹھائی تقسیم کرنے کی فوٹیج بھی شیئر کی۔

پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ صدر دیں گے، بیرسٹر علی ظفر

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالادستی ہوئی ہے، پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ صدر دیں گے، وفاقی حکومت فنڈز فراہم کرنے کی پابند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے کہا کہ کے پی کے کے الیکشن کی تاریخ گورنر دیں گے، 90 دن میں اس کا بھی اعلان ہوگا، فیصلہ اکثریت کا ہے۔

Sheikh Rasheed

Supreme Court of Pakistan

Fawad Chaudhary

pti leaders

Musarrat Jamshed Cheema