Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوازشریف جب سے گیا ہے پاکستان سنبھل نہیں پا رہا، مریم نواز

نوازشریف کو جب جب حکومت سے نکالا گیا، پاکستان نیچے گیا، مریم نواز
اپ ڈیٹ 27 فروری 2023 05:57pm

مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوجب جب حکومت سے نکالا گیا پاکستان نیچے گیا۔

ساہیوال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزرن لیگ مریم نوازکا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں آٹا 35 روپے اور گھی140روپے فی کلو ملتا تھا، بجلی11روپے یونٹ اور پیٹرول 65 روپے لیٹر ملتا تھا، انہوں نے ہی ملک کو 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، پاکستان کو انٹرنیٹ دیا، سی پیک کا آغاز کیا، ملک کو ایٹمی قوت بنادیا، آپ نے نوازشریف کو 3 بار ملک کا وزیراعظم بنایا، اور جب وہ وزیراعظم تھا تو پاکستان نے ٹیک آف کیا، اور جب جب انہیں حکومت سے نکالا گیا پاکستان نیچے گیا، اور جب سے وہ گیا ہے پاکستان سنبھل نہیں پا رہا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈالا، پھر کیا ہوا، جیسے چاند کو گرہن لگتا ہے اس طرح پاناما بینچ بنا، اس کے بعد غریب کی روٹی رہی نہ روزگاررہا، اس کے بعد سے مہنگائی، معیشت، روپیہ، پاکستان نہیں سنبھل رہا، نوازشریف کو نکالنے والو جواب دو، اس کی دشمنی میں پاکستان کے ساتھ اتنا بڑا ظلم ہوا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا چور،جس نے گھڑیاں تک نہ چھوڑیں، فتنہ خان جس کا نام ہے، اس کو لانے والےجانتے تھے کہ وہ تباہی کا دوسرا نام ہے، اور نالائق ترین شخص ہے، تم نے نوازشریف کی نفرت میں پاکستان تباہ کردیا۔

ن لیگ کی چیف آگنائزر نے کہا کہ فتنہ خان کے دور میں آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑ دیا گیا، آئی ایم ایف کا معاہدہ بحال نہ کرتے تو ملک تباہ ہوجاتا، ن لیگ نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچالیا۔ عمران خان جیسے لوگوں کو ملک برباد کرنے کیلئے رکھا ہے تو کیا نوازشریف کو ان لوگوں کا گند صاف کرنے کیلئے رکھا ہوا ہے، ہے کوئی اس ملک میں جو انصاف کرے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کا سال ہے، الیکشن ہوگا اور ضرور ہوگا، نوازشریف اور شیربھاری اکثریت سے الیکشن جیتیں گے۔ پہلے انصاف ہوگا، اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا پھر الیکشن ہوگا، پہلے نوازشریف کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ ہوگا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ جب پاناما کیس چل رہا تھا اس وقت عمران خان اشتہاری تھے، وہ پہلے بھی عدالتوں سے بھاگا ہوا تھا اور آج بھی بھاگیا ہوا ہے، آئین ایک ہے تو انصاف کے 2 نظام کیوں ہیں۔

PMLN

mariyam nawaz