Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

فوراً نیند کی وادیوں میں پہنچانے والے چار مصالحے

نیند بہتر بنانے کیلئے چار چیزیں ایسی ہیں جو آپ کے کچن میں ہمہ وقت موجود رہتی ہیں۔
شائع 26 فروری 2023 06:55pm

اگر آپ کی رات بھی کروٹیں بدلتے گزر جاتی ہے اور نیند کوسوں دور رہتی ہے تو اس کیلئے کسی دوائی یا گولیاں پھانکنے کی ضرورت نہیں۔ قدرت نے ہر چیز کا علاج دنیا میں بھیجا ہے۔

دن بھر کی تھکان کے بعد رات کی پُرسکون نیند کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ دوسرے دن کے لیے تیار ہوا جاسکے۔

بنیادی طور پر نیند آپ کے جسم کو اسی طرح ری بوٹ کردتی ہے، جس طرح کسی مشین کا کمپیوٹر کو خرابی یا اوور لوڈ ہونے کے بعد بند کرکے دوبارہ اسٹارٹ کیا جاتا ہے۔

نیند آپ کو ذہنی اور جسمانی مشقت سے صحت یاب ہونے میں مدد دیتی ہے۔ درحقیقت، مناسب مقدار میں نیند حاصل کرنا مجموعی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

آپ کی نیند کو بہتر بنانے کیلئے چار چیزیں ایسی ہیں جو آپ کے کچن میں ہمہ وقت موجود رہتی ہیں، جو درج ذیل ہیں۔

زیرہ

زیرہ ممکنہ طور پر نیند کیلئے سب سے مؤثر ہے۔ یہ نظام انہضام، میٹابولزم کو فروغ دینے اور ایسڈ ریفلکس کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔

زیرے میں موجود تیل سکون آور خصوصیات رکھتا ہے، یہ تناؤ اور اضطراب کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے جو بے خوابی کی دو انتہائی عام وجوہات ہیں۔

آپ اپنے اعصاب کو آرام دینے اور اچھی نیند کے لیے رات کو زیرے سے بنی چائے کا استعمال کریں۔

جائفل

جائفل کے تیل کو ایک سکون آور کے طور پر جانا جاتا ہے، جو اعصاب کو پرسکون کرنے میں مدد کرتی ہے اور جسم کو تناؤ سے نجات دلاتی ہے۔

جائفل نیند مؤثر طریقے سے لانے اور معیار بھی بہتر بنانے میں بھی مددگار ہوتی ہے۔

آپ ہلدی والے دودھ میں ایک چٹکی جائفل ڈالیں اور سونے سے پہلے پی لیں۔

پودینہ

پودینہ بھی پرسکون خصوصیات کے لیے جانا جاتا ہے، یہ تناؤ اور اضطراب کو دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

پودینے میں موجود مینتھول پٹھوں کو آرام پہنچاتا ہے۔ اس طرح آرام سے سونے میں مدد ملتی ہے۔

سونے سے پہلے ایک کپ پودینے کی چائے پینے سے رات کی نیند کا لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔

سونف

سونف میں سکون بخش خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو آپ کے ہاضمے اور پٹھوں کو آرام دینے میں مدد دیتی ہیں۔ اس سے رات کی نیند کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور بے خوابی کا علاج کیا جاسکتا ہے۔

اس لیے ماہرین اکثر رات کو سونے سے پہلے ایک گلاس سونف کا پانی پینے کا مشورہ دیتے ہیں۔

sleep

Insomnia

Fennel

mint

Cumin

Nutmeg