Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد پولیس چوکی پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے
اپ ڈیٹ 23 فروری 2023 09:04am
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

لکی مروت میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پولیس ترجمان شاہد حمید کے مطابق پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ مختلف بم حملوں اور دہشت گردی کی ورادتوں میں ملوث دہشت گرد تھانہ ڈاڈیوالہ کے علاقہ میں موجود ہیں اور پولیس چوکی عباسہ خٹک پر حملے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک

جس پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کی ٹیم دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے لئے پہنچی تو دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر کئی اطراف سے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔

پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، فائرنگ کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن شروع کیا تو 6 دہشت گرد مارے گئے تھے، جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: لکی مروت: تھانہ برگی پر دہشت گردوں کا حملہ، 4 پولیس اہلکار شہید

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں 4کی شناخت ہو گئی ہے، جن میں ضیاءاللہ عرف کوچی ولد داود، صفت اللہ عرف ڈرون ولد حیات اللہ، محیب اللہ ولد شریف اور کلیم اللہ عرف فقیر ولد امیرنواز شامل ہے جبکہ باقی ہلاک 2 دہشت گردوں کی شناخت کی جارہی ہے۔

ہلاک دہشت گرد پولیس پرحملوں اور دہشت گردی کے واقعات میں لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔

واضح رہے گزشتہ سال نومبر میں اسی علاقہ میں دہشت گردوں نے چوکی عباسہ کی پولیس موبائل گاڑی پرحملہ کیا تھا جس میں پولیس کے 6جوان شہید ہو گئے تھے۔

CTD

police

operation

terrorist killed

lucky marwat