Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پہلے بچ گئے لیکن اس بار غیر آئینی کام کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان

قوم مہنگائی کے لئے نہیں، کسی اور چیز کے لئے تیار ہے، پی ٹی آئی چیئرمین
شائع 22 فروری 2023 08:10pm
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 25 مئی واقعے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ میرا وعدہ ہے پہلے آپ بچ گئے لیکن اس بار غیر جمہوری کام کرنے والے نہیں بچیں گے۔

لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نے آج لمبی تقریر کے دوران کہا قوم مزید مہنگائی کے لئے تیار ہو جائے، شہباز شریف کی کسی بات کی سمجھ نہیں آئی، ان سے کہتا ہوں یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، آپ کے ماضی کے بیانات ایک منٹ میں سامنے آجاتے ہیں، اسی لئے مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول دو روپے مہنگا ہوا تو آپ نے شورمچا دیا تھا، شہباز شریف ہماری حکومت گرانے کا حصہ تھے، آصف زرداری، نواز شریف اور سابق آرمی چیف نے مل کر ہماری حکومت گرائی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ڈھائی سال تک ہم بھی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تھے، 10 ماہ میں پاکستان کے ساتھ جو ہوا وہ دشمن نہیں کر سکتا، ہمارے دور میں مہنگائی کی شرح 12 فیصد تھی جوکہ اب تین گناہ بڑھ چکی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شریف، زرداری خاندان نے 30 سال لوٹ مار کی، برطانیہ کا وزیراعظم ہائیڈ پارک میں نہیں رہ سکتا، آپ کو پاکستان کے لئے تکلیف ہوتی تو اپنا پیسا واپس لاتے، روپے کی بے قدری سے غریب کی آمدن میں کمی آئی اور آپ کی جائیدادوں میں اضافہ ہوا، لہٰذا مصنوعی اقدامات کرکے عوام کو بے وقوف نہ بنائیں۔

جیل بھرو تحریک پر عمران خان نے کہا کہ قوم مہنگائی کے لئے نہیں، کسی اور چیز کے لئے تیار ہے، پارٹی لیڈرشپ، لاہور کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قوم نے تحریک کی بھرپور حمایت کی، 200 بندوں سے ہزاروں افراد گرفتاری کے لئے تیار ہوگئے، پارٹی لیڈر شپ نے خود اپنی گرفتاریاں دیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدالت نے طلب کیا تو عوام کا سمندر سڑکوں پر آگیا، اشتہارات میں ترقی سے قوم بے وقوف نہیں بنے گی، حکومت گئی تو فیصلہ کیا ملک کو نقصان نہیں پہنچاؤں گا، کوشش کی حقیقی آزادی کی جدوجہد سے ملک کو نقصان نہ پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کو غداروں سے تحفظ اور ملک میں انصاف کی حکمرانی چاہتے ہیں، 25 مئی کو چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا تھا، ایسا لگ رہا تھا جیسے ہم مقبوضہ کشمیر میں ہیں۔

سابق چیئرمین نیب کے استعفے پر عمران خان نے کہا کہ آفتاب سلطان ن لیگ کا خاص آدمی تھا، آفتاب سلطان نے کہا کہ جھوٹے کیسز بنائے جا رہے ہیں، ہمارے دور میں نیب نے 480 ارب روپے ریکور کیئے، 1100 ارب روپے ریکور ہونے تھے جو انہوں نے معاف کرا لیے۔

عمران خان نے کہا کہ 90 دن میں الیکشن نہ ہوئے تو پاکستان بنانا ری پبلک ڈکلیئر ہو جائے گا، جو جج ان کے خلاف فیصلہ سنائے انہیں یہ مافیا کی طرح دھمکیاں دیتے ہیں، این آراو لینے والے قانون کی بالادستی نہیں چاہتے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے حکومتی اتحاد کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اب کی بار ہماری حکومت ہی آئے گی، وعدہ کرتا ہوں حکومت میں آنے کے بعد میں انہیں چھوڑوں گا نہیں، ظالموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کا لاہور سے آغاز ہو گیا ہے، گرفتاری دینے والی سینئر لیڈر شپ کا شکر گزار ہوں، 1947میں آزادی کی تحریک ادھوری رہ گئی تھی کیونکہ اس وقت لوگوں کو آزادی کا علم نہیں تھا، لیکن اب ہم حقیقی آزادی کے خواب کو حقیقت بنائیں گے۔

pti

NAB

Shehbaz Sharif

economic crisis

imran khan

Jail Bharo Tehreek