Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آفتاب سلطان کا استعفیٰ: نیب ترامیم نے چیئرمین کے ہاتھ باندھ دیے

ترمیم کے باعث سینکڑوں ریفرنسز نیب کو واپس بھیجے جاچکے ہیں
شائع 21 فروری 2023 12:28pm

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین آفتاب سلطان نے اچانک استعفیٰ دے دیا ہے، اور کہا جارہا ہے کہ نیب قوانین میں ترامیم نے چیئرمین نیب کے ہاتھ باندھ دیے ہیں۔

قومی احتساب بیورو (NAB) کے چیئرمین آفتاب سلطان نے اچانک استعفیٰ دے دیا ہے، اور وزیراعظم شہبازشریف نے یہ استعفیٰ منظور بھی کر لیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

ایک طرف تحریک انصاف کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ نیب چیئرمین پر شدید دباؤ تھا اور ان پر مخالفین پر کیسز بنانے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، جب کہ دوسری جانب یہ بھی وجہ ہے کہ نیب قوانین میں ترامیم نے چیئرمین نیب کے ہاتھ باندھ دیے ہیں، کیوں کہ اس ترمیم کے باعث سینکڑوں ریفرنسز عدالت نے واپس نیب کو بھیجے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے استعفیٰ دے دیا

نیب قانون میں ترامیم کے بعد سیکشن 9 اے فائیو کے تحت اب عدالتیں 50 کروڑ روپے سے کم کرپشن کے کیسز نہیں دیکھ سکیں گی، یہی وجہ ہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کیخلاف 50 کرپشن ریفرنسز واپس کردیے۔

نیب ترمیم کے بعد سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور نوازشریف کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس نیب کو واپس بھجوائے گئے، جعلی بینک اکاؤنٹس کیسز کے 21 میں سے 14 ریفرینسز واپس قومی احتساب بیورو کو بھیجے گئے۔

نیب کے نئے قوانین کی بدولت موجودہ وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز سمیت کئی سیاسی رہنماؤں کو ریلیف ملا، اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور کے 6 کرپشن ریفرنسز بند ہوئے، سینیٹرسلیم مانڈوی والا، اعجاز ہاورن، سردارمہتاب عباسی اور سینیٹرروبینہ خالد کو بھی ریلیف ملا، اور اس کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعلی پرویزالہی اور اسپیکرپنجاب اسمبلی سبطین خان سمیت دیگر بھی اس قانون سے مستفید ہوئے۔ جب کہ خیبرپختونخوا کی احتساب عدالتوں نے 130 ریفرنسز واپس قومی احتساب بیورو (NAB) کو بھیجے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست زیرسماعت ہے، اور عدالت نے قومی احتساب بیورو (NAB) سے تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

NAB

Chairman NAB