Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان امیروں پر ٹیکس لگائے غریبوں کو تحفظ دے، آئی ایم ایف سربراہ

پاکستان کو قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ نہیں سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ایم ڈی آئی ایم ایف
شائع 19 فروری 2023 05:59pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان میں امیر طبقے کو دئی گئی سبسڈیز ختنم کرکے ان سے ٹیکس وصول کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ پیسہ کمانے والوں کو ٹیکس میں زیادہ حصہ ڈالنا چاہیے۔

ایم ڈی آئی ایم ایف نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں جرمن خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) سے گفتگو میں سوال اٹھایا کہ پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، پھر بھی پاکستان میں کاروبار کرنے والے لوگ ٹیکس کیوں ادا نہیں کرتے؟

کرسٹالینا کا کہنا تھا کہ جو لوگ زیادہ ٹیکس دے سکتے ہیں حکومت کو چاہیے کہ ان سے ٹیکس وصول کرے۔ پیسہ ان لوگوں پر خرچ کیا جائے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔ ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا نے کہا کہ سبسڈی صرف ان لوگوں کو منتقل کی جائے جو واقعی اس کے مستحق ہیں، پاکستان کو قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ نہیں سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سیلاب سے تباہ حال ہیں، جس سے پاکستان میں تقریباً ایک تہائی لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان ایک شدید معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے اور آئی ایم ایف سے مدد مانگ رہا ہے۔

کرسٹالینا کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان ایک مستحکم ملک کے طور پر اقدامات کرے۔ کوئی ملک ایسی خطرناک جگہ پر نہیں پہنچ سکتا جہاں اسے قرضوں کی تنظیم نو کی ضرورت ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دو اہم نکات پر زور دے رہے ہیں۔ پہلا نکتہ ٹیکس ریونیو ہے۔ جو لوگ پرائیویٹ یا پبلک سیکٹر سے اچھی رقم کما سکتے ہیں انہیں معیشت میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

دوم، دولت کی منصفانہ تقسیم ہونی چاہیے۔ غریبوں کو سبسڈی دی جائے، انہیں تحفظ کی ضرورت ہے۔ امیر طبقے کو ٹیکسوں سے تحفظ اور سبسڈی نہ دی جائے۔

پاکستان

IMF