خیبرپختونخوا انتخابات: گورنر کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت
پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی انتخابات کیس میں گورنر خیبرپختونخوا کو جواب جمع کرانے کے لئے آخری مہلت دے دی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے لئے بروقت انتخابات کیس پر سماعت جسٹس اشتیاق ابراھیم اور جسٹس ارشد علی نے کی۔
پی ٹی آئی رہنماء شبلی فراز، شوکت یوسفزئی،شاہ فرمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت شروع ہوتے ہی ایڈووکیٹ جنرل نے گورنر کے جواب جمع کرانے کے لئے وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرادیا ہے جبکہ گورنر مانسہرہ میں تھے اور رات کو دیر سے آئے اسلئے فی الحال جواب جمع نہیں کرایا۔
پی ٹی آئی کے وکیل شمائل بٹ نے اعتراض اٹھایا کہ ایڈووکیٹ جنرل حکومت کا نمائندہ ہے اس لئے وہ گورنر کی نمائندگی نہیں کرسکتا۔
جس پر عدالت نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل نے نمائندگی نہیں کی بلکہ صرف گورنر کے جواب سے متعلق ہائیکورٹ کو آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل معظم بٹ نے عدالت کو بتایا کہ یہ صرف بہانے بنا کر کیس کو طول دینا چاہتے ہیں اسلئے درخواست پر آج ہی سماعت کی جائے۔
سابق گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے بھی عدالت کو بتایا کہ کیس میں بروقت فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن تاخیر کا شکار ہو سکتے ہیں، اس لئے کیس میں جلد فیصلہ جاری کیا جائے۔
عدالت نے گورنر کو مزید دو دن کا مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ آخری موقع ہے کسی نے جواب جمع کرانا ہو تو کرلیں اور نہ کرنا ہو تو بھی مرضی، عدالت آئندہ سماعت پر فیصلہ جاری کرے گی۔
عدالت نے پہلے سماعت 22 فروری تک ملتوی کی تاہم شاہ فرمان کی استدعا پر عدالت نے آئندہ سماعت کے لئے 20 فروری کی تاریخ مقرر کردی۔
Comments are closed on this story.