Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ق لیگ کے پارٹی الیکشن ویب سائٹ پر نہ لگانے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

الیکشن کمیشن نے 3 فروری تک رزلٹ ویب سائٹ پر آویزاں کرنے تھے، درخواست گزار
اپ ڈیٹ 16 فروری 2023 01:35pm

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ق کے پارٹی انتخابات کو ویب سائٹ پر نہ لگانے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں ق لیگ کے پارٹی اتنخابات کو ویب سائٹ پر نہ لگانے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست پر سماعت جسٹس انوار حسین نے کی۔

مسلم لیگ ق کے رہنما عاصم چیمہ نے عامر سعید راں ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی، جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 26 جنوری کو ق لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے، جس کے رزلٹ الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے، پارٹی انتخابات کے حوالے سے دیگر کاغذات بھی الیکشن کمیشن کو بھجوائے۔

درخواست میں استدعا کرتے ہوئے موقف پیش کیا گیا کہ قانون کے مطابق 3 فروری تک الیکشن کمیشن نے رزلٹ ویب سائٹ پر آویزاں کرنے تھے، تاہم ایسا نہیں ہوا،عدالت الیکشن کمیشن کو ریکارڈ نئے سرے سے ویب سائٹ پر مرتب کرنے اور الیکشن کمیشن کو پارٹی صدر وجاہت حسین کے ساتھ خط وکتابت کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔

ECP