Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری، گیس مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

گیس مہنگی ہونے سے صارفین پر 310 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا
شائع 16 فروری 2023 08:41am
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کر تے ہوئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، گیس مہنگی ہونے سے صارفین پر 310 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا، گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین کے لئے گیس مہنگی کی گئی ہے ۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے آئی ایم ایف کی شرط پر گیس مہنگی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کے لئے گیس 112 اعشاریہ 32 فیصد تک جبکہ کمرشل صارفین کے لئے گیس 29 فیصد تک مہنگی کی گئی ہے۔

پروٹیکٹیڈ گیس صارفین پر 50 روپے اور نان پروٹیکٹیڈ گیس صارفین پر 500 کے فکس چارجز عائد کر دیے گئے ہیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ تک گیس والے گھریلو صارفین کے لئے 100 روپے فی ایم ای بی ٹی یو، ماہانہ 150 یونٹ تک گیس والے گھریلو صارفین کے لئے 47 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 200 یونٹ تک گیس والے گھریلو صارفین کے لئے 247 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ماہانہ 300 یونٹ تک گیس والے گھریلو صارفین کے لئے 362 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 400 یونٹ تک گیس والے گھریلو صارفین کے لئے 893 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور ماہانہ 400 یونٹ سے زائد گیس والے گھریلو صارفین کے لئے ایک ہزار 640 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔

ماہانہ 25 یونٹ تک کے پروٹیکٹیڈ صارفین کے لئے گیس کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تاہم ماہانہ 50 یونٹ تک کے پروٹیکٹیڈ صارفین کے لئے گیس 29 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کی گئی ہے۔

گھریلوصارفین کو پروٹیکٹیڈ اور نان پروٹیکٹیڈ کی 12 سیلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

کھاد کے کارخانوں کے لئے گیس 69 فیصد، سیمنٹ سیکٹر کے لئے گیس 17 فیصد، برآمدی صنعتوں کے لئے گیس 34 فیصد اور نان ایکسپورٹ صنعتوں کے لئے گیس 14 فیصد تک مہنگی کی گئی ہے۔

سی این جی سیکٹر کے لئے گیس کی قیمت میں 32 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔

OGRA

اسلام آباد

IMF

gas price