وزیراعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کیلئے ایک کروڑ روپے کا اعلان
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس نے ترک زلزلہ متاثرین کے لئے ذاتی حثیت میں ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کا بڑا مضبوط رشتہ ہے، آزاد کشمیر میں 2005 کا زلزلہ ہولناک تھا، ترک صدر سمیت عوام نے کھل کر کشمیریوں کی مدد کی تھی۔
سردار تنویر الیاس نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں ایک سے 5 گریڈ تک ملازمین ایک دن کی تنخواہ زلزلہ متاثرین کو دے رہے ہیں، 5 سے اوپر گریڈ کے ملازمین 5 دن کی تنخواہ ترک زلزلہ متاثرین کو بھیج رہےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی گھڑی میں ترک عوام کو احساس دلانا ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس سے قبل ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کردیا گیا تھا۔
ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ’وزیر اعظم ریلیف فنڈ‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس فیصلے کی پیش نظر اراکان کابینہ کی جانب سے ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے بھی خیر حضرات سے امداد کی اپیل کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو دورہ ترکیہ سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
Comments are closed on this story.