Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب الیکشن کی تاریخ پر فیصلہ نہ ہوسکا، وضاحت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ

میں نے اسمبلی تحلیل نہیں کی اس لئے الیکشن کی تاریخ دینے کا مجاز نہیں، گورنر پنجاب
اپ ڈیٹ 14 فروری 2023 08:54pm
فوٹو۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔ فائل

پنجاب میں الیکشن سے متعلق فیصلے کی تشریح اور وضاحت کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی صدارت گورنر ہاؤس میں لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جب کہ گورنر پنجاب نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گورنر پنجاب نے کہا کہ میں نے اسمبلی تحلیل نہیں کی اس لئے الیکشن کی تاریخ دینے کا مجاز نہیں، کوئی ماورائے قانون اقدام نہیں اٹھانا چاہتا، معاملے پر عدالتی فیصلے کی تشریح ضروری ہے۔

اجلاس میں آئی جی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی لا الیکشن کمیشن اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک افراد نے اپنی اپنی آئینی اور قانونی تجاویز دیں جب کہ اجلاس کے شرکا نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر وضاحت طلب کرنے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کو پنجاب میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم

پنجاب انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے ہونے والے مشاورتی اجلاس میں صوبے میں الیکشن کی تاریخ کا تعین نہ ہو سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلے کی تشریخ اور وضاحت کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں انتخابات: لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن متحرک

اجلاس ختم ہونے کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید گورنر ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے انتخابات کیلئے فوج اور رینجرز اہلکار دینے سے معذرت کرلی

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں تاریخ دینے پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا، گورنر نے کہاکہ وہ اپنالیگل رائٹ استعمال کریں گے، کارروائی پر چیف الیکشن کیمشن کو بریفنگ دیں گے۔

دوسری جانب گورنر پنجاب نے ہائیکورٹ کے احکامات کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کے لئے قانونی ماہرین کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین نے انٹراکورٹ اپیل تیار کرنا شروع کردی ہے، گورنر پنجاب بلیغ الرحمن اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں، قانونی ماہرین انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے سے پہلے گورنر پنجاب سے اس کی منظوری لیں گے۔

ذرائع گورنر ہاوس کا کہنا ہے کہ انٹرا کورٹ اپیل دو تین روز میں دائر کردی جائے گی۔

lahore

governor punjab

Lahore High Court

baligh ur rehman

punjab election