بھارتی کرکٹر نے پی ایس ایل کو دنیا کی دوسری بہترین لیگ قرار دے دیا
بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو ین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد دنیا کی دوسری بہترین لیگ قرار دے دیا۔
سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے پیر کو کی گئی ٹوئٹ میں حال ہی میں ختم ہونے والی جنوبی افریقہ ٹوئنٹی لیگ کے ایڈیشن کی تعریف کی، ساتھ ہی انہوں نے پی ایس ایل کو دوسری بہترین لیگ بھی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ ٹوئنٹی میں کرکٹ کا اچھا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، جو آئی پی ایل کے بعد ٹی ٹوئنٹی کی دوسری بہترین لیگ ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہا کہ ”فی الحال مجھے لگتا ہے کہ ابھی دنیا کی دوسری بہترین لیگ پی ایس ایل ہے، جس نے بی بی ایل اور سی پی ایل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔“
واضح رہے کہ پی ایس ایل کو اکثر غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین لیگ قرار دیا جاتا رہا ہے، ساتھ ہی بولنگ کے اعلیٰ معیار کی وجہ سے ٹورنامنٹ کی تعریف بھی کی جاتی رہی ہے۔
پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن آج سے ملتان اسٹیڈیم میں شروع ہونے جارہا ہے جس میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہوگا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 19 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کا فاتح نہ صرف سپر نووا ٹرافی اٹھائے گا بلکہ اس ٹیم کو 120 ملین (12 کروڑ) روپے کا چیک بھی ملے گا۔
Comments are closed on this story.