Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

معروف اداکار و ہدایتکار ضیاء محی الدین انتقال کرگئے

ضیاء محی الدین کی عمر91 برس تھی
اپ ڈیٹ 13 فروری 2023 04:03pm
تصویر: ریختہ ویب سائٹ
تصویر: ریختہ ویب سائٹ

عالمی شہرت یافتہ معروف اداکار، صداکار، ہدایتکار اور ٹی وی میزبان ضیاء محی الدین کراچی میں انتقال کرگئے۔

ضیاء محی الدین کی عمر 91 برس تھی۔ وہ شدید علالت کے باعث نجی اسپتال میں ویںٹی لیٹر پرتھے۔

بیس جون 1931کوفیصل آبادمیں پیدا ہونے والے ضیاء محی الدین نے 1949ء میں گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا۔

انہوں نے ریڈیوآسٹریلیا سے صداکاری کا آغازکیا اورپاکستانی سینما اور ٹی وی اسکرین کے علاوہ کافی عرصے تک برطانوی تھیٹرکیلئے بھی کام کرتے رہے۔

انہوں نے رائل اکیڈمی آف ڈراماٹک آرٹ لندن سے اداکاری کی تربیت حاصل کررکھی تھی۔

ہالی ووڈ میں بھی فن کےجوہر دکھانے والے ضیاء محی الدین نے 1962ء میں ’لارنس آف عربیہ‘ میں بھی کام کیا جو برطانوی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل تھامس ایڈورڈ لارنس کی زندگی پربنائی گئی معروف فلم ہے۔

ضیاء محی الدین نے اپنے نام سے منسوب ٹی وی شو کی میزبانی بھی کی جسے ناظرین میں بےانتہا مقبولیت حاصل ہوئی۔

ضیاء محی الدین کو 1973 میں پی آئی اے آرٹس اکیڈمی کاڈائریکٹرمقررکیا گیا تاہم جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے بعد وہ برطانیہ واپس چلے گئے، پھر،90 کی دہائی میں مستقل طور پرپاکستان واپس آگئے۔

ضیاء محی الدین نے آرٹس کونسل کے سامنے کراچی کے ہندوجم خانہ کی عمارت میں 2004 میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ (NAPA )کی بنیاد رکھی اورزندگی کے آخری لمحات تک اس کے سربراہ رہے۔

ضیاءمحی الدین ”A carrot is a carrot“ نامی کتاب کے مصنف بھی ہیں۔

صلاحیتوں کے اعتراف میں حکومت نے انہیں 2003 میں ستارہ امتیاز اور 2012میں ہلال امتیاز سےنوازا۔

ضیاء محی الدین کی نمازجنازہ نماز ظہرین امام بارگاہ یثرب ڈیفنس فیز 4 میں ادا کی گئی۔

وزیراعظم کا ضیاء محی الدین کے انتقال پر اظہار تعزیت

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ضیاءمحی الدین اپنی ذات میں ایک فن پارہ تھے ان کے مخصوص انداز نے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں دھوم مچائی لیکن افسوس ہے کئی خوبصورت خوبیوں کا ملک شخص معاشرے سے کوچ کرگیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی صلاحیتوں اورخدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اللہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبردے۔

”مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی“ - وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضیاء محی الدین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضیا محی الدین کی پرفارمنگ آرٹ کے حوالے سے بڑی خدمات ہیں مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، للہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے اور ورثا کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔

”ضیاء محی الدین کی آواز کا سحر ہمیشہ باقی رہے گا“ - گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ضیاء محی الدین صداکاری کے دنیا کے بے تاج بادشاہ تھے ان کی آواز کا سحر ہمیشہ باقی رہے گا، انہوں نے ٹی وی میزبانی کے شعبہ میں منفرد انداز متعارف کروایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

سابق صدرآصف علی زرداری، وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا گہرے دکھ کا اظہار

سابق صدرآصف علی زرداری، وزیرخارجہ بلاول بھٹو، صوبائی وزراء ناصرحسین شاہ، سعید غنی نے ممتاز اداکار اور معروف ہدایت کار ضیا محی الدین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

آصف علی زرداری نے ضیاء محی الدین مرحوم کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا مرحوم اپنی سدا بہار فنی خدمات سے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا ضیا محی الدین کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا،ان کا انتقال دنیائے فن کے لیے کسی سانحے سے کم نہیں ہے، سوگوارخاندان، مرحوم کے پر ستاروں کے غم میں برابر کا شریک ہیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی اور ناصرحسین شاہ کا اظہار تعزیت

صوبائی وزیرسعید غنی نے کہا ضیاء محی الدین نہ صرف ایک فنکار تھے بلکہ وہ ایک سچے پاکستانی ہونے کے ساتھ ساتھ اس ملک کی فلاح وبہبود کے لیے ہمیشہ آگے رہے،ان کے انتقال سے ملک ایک عظیم فنکار سےمحروم ہوگیا ہے۔

وزیربلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ضیا محی اداکاری ہدایت کاری اور ٹی وی میزبان کے حیثیت سے عالمی شہرت رکھتے تھے، وہ اپنی ذات میں ایک انجمن کی حیثیت رکھتے تھے۔

”ضیاءمحیِّ الدین کی رحلت پر افسردہ ہوں“ - چئیرمین تحریک انصاف

چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران نے ضیا محی الدین کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ میں انہیں کئی دہائیوں سے جانتا تھا۔

مزید کہا کہ وہ ایک انتہائی تہزیب یافتہ انسان تھے اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں وہ ایک ’ادارہ‘ تھے ضیا محی الدین کو کبھی نہ بھول پائیں گے۔

پاکستان

ZIA MOHYEDDIN

NAPA