Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

(ن) لیگ کا تنظیمی اجلاس: مریم نواز کی نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے کی ہدایت

اجلاس میں دیہی اور شہری حلقوں میں تنظیمی اشتراک عمل مؤثر بنانے پر اتفاق
اپ ڈیٹ 12 فروری 2023 03:27pm
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گرین ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گرین ٹوئٹر

مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے تنظیمی اجلاس میں دیہی اور شہری حلقوں میں تنظیمی اشتراک عمل مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے ، سینئر نائب صدر اور پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز نے نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے پارٹی تنظیمی اجلاس کی صدارت کی،جس میں وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں پارٹی کے تمام ونگز خاص طور پر نوجوانوں، خواتین اور سوشل میڈیا کے شعبوں کو فعال اور متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

فیصلہ کیاگیا کہ تنظیمی ڈھانچے میں خواتین، نوجوانوں کی نمائندگی بڑھائی جائے، پڑھے لکھے، محنتی، نظریاتی وابستگی رکھنے والے نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔

اجلاس میں موجودہ تنظیمی ڈھانچے اور اس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔

مریم نواز نے گزشتہ چار سال کے دور آزمائش میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی ثابت قدمی، بہادری اور نظریاتی وابستگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تنظیم کی کارکردگی کو سراہا ،عہدیداروں اور کارکنوں کے جذبے کو متاثر کن قرار دیا۔

سینئر نائب صدر (ن )لیگ نے کہا کہ اسلام آباد کی تنظیم وفاقی دارالحکومت کی نمائندگی کرتی ہے، دیہی اور شہری حلقے کا امتزاج ہونے کی وجہ سے اس کی ذمہ داریاں بھی زیادہ اہم ہیں، دیہی اور شہری حلقوں میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے۔

مریم نواز نے اسلام آباد کے دیہی اور شہری عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے حلقے روایتی طور پر ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے حامی رہے ہیں،دیہی اور شہری حلقوں کے درمیان اشتراک عمل، وارڈ اور یونین کونسلز کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا اور شعبہ خواتین کے تنظیمی اجلاس بھی آج ہوں گے۔

واضح رہے کہ مریم نواز بہاولپور ڈویژن اور ایبٹ آباد کے تنظیمی دورے بھی کر چکی ہیں۔

مریم نواز نے گزشتہ روز اسلام آباد میں تنظیمی کنونشن سے بھی خطاب کیا تھا۔

PMLN

Maryam Nawaz

اسلام آباد