عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن کا انتخابات کی تاریخ پر سنجیدگی سے غور شروع
پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا، الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں تیرہ فروری کو اجلاس طلب کرلیا گیا، جس میں عدالتی حکم پر عملدرآمد پر غور ہوگا۔
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو 90 روز کے اندر پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اسمبلی تحلیل پر انتخابات کی تاریخ کس نے دینی واضح نہیں، البتہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن انتخابات کے لئے گورنر سے مشاورت کرے اور فوری طور پر انتخابات کی تاریخ دے، 90 روز میں بلا تاخیر انتخابات کرائے جائیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے، الیکشن کرانا اسی کی آئینی ذمہ داری ہے۔
Comments are closed on this story.