Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

زلزلے میں شامی وزیراعظم کے اہلِ خانہ بھی جاں بحق، شہباز شریف کا اظہارِ افسوس

وزیراعظم کی شام کے زلزلہ زدگان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہائی
شائع 11 فروری 2023 07:36pm

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے شام کے زلزلہ زدگان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔

وزیراعظم نے شامی ہم منصب حسین آرنوس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے شام میں زلزلے کے باعث بھاری جانی ومالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اس قدرتی آفت میں شامی وزیراعظم کے اہل خانہ کی ہلاکت پر بھی تعزیت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام شدید زلزلے میں بڑے پیمانے پر جانی مالی نقصان پر گہرے صدمے میں ہیں۔

شام کے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے متاثرین زلزلہ کے لئے امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ محکموں کو اس مشکل وقت میں اپنے شامی بھائیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی فوری ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام میں پاکستان کے سفیر اس سلسلے میں شامی حکام سے رابطے مں ہیں اور پاکستان جلد زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے امدادی اشیاء پر مشتمل ٹرکوں کا قافلہ بھیجے گا۔

پاکستان پہلے ہی خیموں، گرم کپڑوں اور کمبلوں پر مشتمل ایک خصوصی طیارہ شام بھیج چکا ہے۔

زخمیوں کو طبی سہولت فراہم کرنے کے لئے طبی عملے پر مشتمل ایک ٹیم بھی بہت جلد شام پہنچ جائے گی۔

شام کے وزیراعظم نے اس مشکل وقت میں شامی عوام سے اظہار یکجہتی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

earthquake

Syria

PM Shehbaz Sharif

Hussein Arnous