صدر علوی کی عمران خان سے ملاقات، الیکشن کی تاریخ اور سیاسی صورتحال پر مشاورت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زمان پارک لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔
عارف علوی اور عمران خان کے درمیان ملاقات 38 منٹ تک جاری رہی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور صدر مملکت کے آئینی اختیارات پر مشاورت کی گئی جب کہ دونوں رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نا دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی زمہ داریاں پوری نہیں کررہا، 90 روز میں انتخابات نا ہوئے تو یہ آئین شکنی ہوگی۔ ملاقات کے بعد عارف علوی زمان پارک سے روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ریلیف ملنے کے بعد بڑی پیشرفت سامنے آگئی، تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں واپسی کی صورت میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان اور پارٹی کی سینئر قیادت نے ابتدائی طور پر اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کیلئے 4 ناموں پر مشاورت کی جن میں میجر (ر) طاہر صادق، نصراللہ رضا گھمن، منزہ حسن اور ڈاکٹر نوشین حامد کے نام شامل ہیں۔
قومی اسمبلی میں واپسی کی صورت میں جی ڈی اے اور تحریک انصاف مشترکہ طور پر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے تاہم اپوزیشن لیڈر کی نشست پی ٹی آئی اپنے پاس رکھے گی۔
Comments are closed on this story.