Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے وزیر اعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ

کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا
شائع 07 فروری 2023 02:22pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

‏وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے وزیر اعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم نے برادر ملک ترکیہ کے زلزلے متاثرین کی مشکل گھڑی میں معاونت کے لئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم نے مخیر حضرات سے بھی برادر ملک ترکیہ کی فراخ دلانہ مدد کی اپیل کی ہے۔

زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کے ساتھ تعاون کیا جائے گا، وزیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم شہباز ریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں منعقد ہوا جس میں کابینہ کی جانب سے ترکیہ میں ہولناک زلزلہ پر اظہار افسوس کیا گیا۔

دوران اجلاس وزیر اعظم اور کابینہ نے ترکیہ کے عوام اور حکومت سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو دورہ ترکیہ سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

وفاقی کابینہ کا کہنا تھا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اسکے عوام کے ساتھ ہیں۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ میں قیامت خیز زلزلے کو 24 گھنٹے بیت گئے، اموات اور تباہی کے مناظردیکھ کر دماغ مفلوج ہوجاتا ہے، انسانی المیہ دیکھ کر شدید دکھ ہے۔

اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ متاثریں سے اظہار یکجہتی بروقت تعاون میں تبدیل ہونا چاہیئے۔

اسلام آباد

earthquake

PM Shehbaz Sharif

turkiye

pm relief fund