Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کی ہدایت پر امدادی سامان خصوصی طیارے سے ترکیہ روانہ

آج مزید 2 طیارے روانہ کیے جائیں گے
شائع 07 فروری 2023 09:16am
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ ترکیہ روانہ ہوگیا جبکہ آج مزید 2 طیارے روانہ کیے جائیں گے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان سے سی 130 طیارے میں پاک فوج کی سرچ اور ریسکیو ٹیم کے ہمراہ 3 ٹن امدادی سامان بھی موجود ہے۔

طیارے میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین افراد کے لئے اشیائے خورو نوش سمیت ضروری اشیا شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ صبح بھی ایک پرواز 15 ٹن امدادی سامان اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو لے کر ترکیہ جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف ترک عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے کل ترکیہ جائیں گے۔

وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

شہبازشریف ترکیہ کے متاثرہ شہر اڈانا میں جائیں گے، ترک صدر طیب اردگان بھی اڈانا پہنچیں گے۔

وزیراعظم ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کرکے زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار ہمدردی کریں گے جبکہ شہباز شریف ترک شہر اڈانا سے انقرہ بھی جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب ترکیہ اور شام شدید زلزلہ آیا ہے اور 7.9 شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے باعث مجموعی طور پر ہلاکتیں 3800 سے تجاوز کرگئیں اور سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔

اسلام آباد

earthquake

Syria

PM Shehbaz Sharif

turkiye

c130