Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم نواز کی دھمکی، ’انصاف تو ابھی ہوگا، سزا بھگتنی ہوگی‘

جیل بھرو تحریک: 'ہم آنکھیں بچھائے بیٹھے ہیں، بسم اللہ زمان پارک سے ہو'
شائع 06 فروری 2023 03:06pm
اسکرین گریب/ پی ٹی وی
اسکرین گریب/ پی ٹی وی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئیر وائس پریزیڈنٹ اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ چاہیں ضمنی انتخابات ہوں یا عام انتخابات، ہمیں ہر چیز کیلئے تیاری رکھنی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ پانامہ کیس ایک بدنامِ زمانہ کیس ہے، یہ ہم پر ایک داغ ہے کہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیج دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب میں دیکھتی ہوں وہاں اقامہ نہیں ہے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کا فراڈ نہیں ہے، وہاں اصل جرائم ہیں ، ہیرے جواہرات لئے گئے ہیں، فارن فنڈنگ میں ثبوتوں کے صفحے بھرے پڑے ہیں کہ باہر سے ناجائز پیسہ آیا اسے چھپایا گیا اور اس کے بارے میں جھوٹ بولا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ لیکن انہیں کوئی چھو نہیں سکتا، وہ عدالت میں نہیں آتے، کبھی ایک بہانہ کرتے ہیں کبھی دوسرا بہانہ دیتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھیا کہ عمران خان کو کیوں اس کی اجازت دی جارہی ہے کہ جب چاہے خط لکھ کر بھیج دے میں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو یکطرفہ انتقام ہے اس کے اپنے نتائج ہوتے ہیں۔ یہ تو ابھی دو دو دن کی قید میں پولیس والوں کے گلے لگ کر رونے لگ گئے۔

انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ابھی تو انصاف ہونا شروع ہی نہیں ہوا، انصاف تو ابھی ہوگا، سزا تو بھگتنی ہوگی۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ جو ڈیم والے بابا جی کا اس وقت حشر ہوا ہے، کھوسہ صاحب نے جو کیا ہے اور جو ناانصافی ہوئی ہے اس سے قوم کی آنکھیں کھلی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں پریس اور میڈیا پر جو مظالم ڈھائے گئے، کئی پریس اور میڈیا کے لوگوں کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونے پڑے، حق اور سچ کی آواز کو دبانے کے خلاف بہت سے صحافیوں کو گھر جانا پڑا، یہ بڑا افسوس کا مقام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک بھی انتقام پر مبنی کیس بنایا ہوتو مجھے بتائیں، میں خود اس کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔

عمران خان کی جیل بھرو تحریک پر بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں انتظار کر رہی ہوں کہ وہ جیلیں بھریں اور بسم اللہ زمان پارک سے ہونی چاہئیے، ہم تو آنکھیں بچھا کر بیٹھے ہیں کہ آئیں آپ کو بھی پتا چلے جیل کیا ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بیرونی طور پر کوئی خطرہ نہیں، بیرونی خطروں سے نمٹنے کیلئے ہم تیار ہیں ، اس ملک کو اندرونی طور پر خطرات ہیں ، یہ جو آپس میں اختلافات ہیں، سیاسی عدم استحکام ہے، غیر یقینی کی صورت حال ہے، ملک کو اس سے خطرہ ہے۔

PMLN

Maryam Nawaz

Jail Bharo Tehreek