Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’ہم گولی چلانا نہیں چاہتے، لیکن مرنے سے پہلے کوشش ضرور کریں گے‘

ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو الٹی میٹم، فوارہ چوک پر غیر معینہ مدت تک دھرنے کا اعلان
شائع 05 فروری 2023 10:56pm

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینئیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ اب ایم کیو ایم فوارہ چوک سے چلے گی جہاں ایسا دھرنا ہوگا کہ سب دھرا کا دھرا رہ جائے گا۔ آج ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، معیشت ڈوب رہی ہے، آج اپنے اجداد سے کیا وعدہ پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔

کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج سب کہتے ہیں معیشت اور نظام جہموریت پرویز مشرف کے دور والی چاہیے، جب بھی ان کا جسدِ خاکی کراچی پہنچے گا کراچی کے بیٹے ان کے ساتھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرا الیکشن بھی واپس لینا ہے، جس الیکشن سے دستبردار ہوئے تھے اب اس کیلئے دست و گریباں ہوں گے، 12 تاریخ تک سندھ حکومت کو الٹی میٹم دے رہے ہیں، جو آپ نے کہا تھا 53 سیٹیں کم ہیں اور آپ نے اپنی غلطی مانی بھی تھی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اگلے اتوار کی شب فوارہ چوک پر ہم اپنا آفس شفٹ کر دیں گے، ہم اپنا سارا کام وہیں سے ہی چلائیں گے۔

اجلاس سے خطاب میں سینئر ڈپٹی کنونیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج ایم کیو ایم نے اپنا جنرل ورکرز اجلاس اس لئے بلایا ہے کہ کارکنان کی رضامندی سے کچھ فیصلے کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اگر کوئی گاؤں دیہات ہوتا تو صبر کر لیتے، 15 سال ہو گئے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو، پانی کا ایک قطرہ کراچی نہیں آیا، ہمارا پانی ہم کو ہی غیر قانونی ہائیڈرینٹ بنا کر بچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سارے ہائیڈرینٹ ایم این ایز، ایم پی ایز اور سرکاری افسران کے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 3 کروڑ کے آبادی والی والے شہر کو 1 کروڑ 60 لاکھ بنا دیا، حلقہ بندیوں میں 208 یو سیز سے 244 یو سیز کر دی گئیں، اب ایسا نہیں ہو گا، اب فیصلہ ہو گا، اب ہم کو حقوق چاہئیں ورنہ یہ سارا کاروبار اب نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم خالد بھائی کو میسج دیں کہ ہم گولی نہیں چلانا چاہتے، لیکن مرنے سے پہلے کوشش ضرور کریں گے، کیا ایم کیو ایم پاکستان والے اپنا حق لینے کے لئے گھروں سے نکل کر روڈوں پر نہیں بیٹھ سکتے؟

اس موقع پر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ 2018 کا الیکشن اس شہر کے بیٹوں اور شہریوں سے چھین لیا گیا، چھیننے کے بعد تصور کیا گیا کے کراچی کے بیٹوں کو بانٹ دیا گیا، تم یہ سمجھ رہے تھے کہ اب شہر کے بیٹے بٹ چکے ہیں، اب موقع آ گیا ہے کے 16 مارچ کو ہم اپنی چھینی گئی سیٹیں واپس لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اب ایک ہے۔

ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ اب تم جلسے کرو اور ہم صرف جنرل ورکرز اجلاس کریں گے، جب ہم کراچی میں کوئی جلسہ کریں گے تو پورا کراچی باہر آئے گا، ہم کراچی واپس اپنے ہاتھ میں لیں گے۔

فاروق ستار نے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وہ وقت آگیا ہے جس کا ملک میں رہنے والے شہریوں کو انتظار تھا، پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، آج ہم پرویز مشرف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کے زمانے میں آٹا 30 روپے کلو اور ڈالر 60 روپے پر تھا، مشرف صاحب کے زمانے میں جیسی بھی جہموریت تھی ملک کی معشیت مضبوط تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ زبردستی لی ہوئی سیٹیں ہضم نہیں ہوتیں اور سیاسی الٹی ہو جاتی ہے، 16 مارچ کو جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اور پی پی پی تم بھی آ جاؤ۔

انہوں نے کہا کہ 4000 ارب کراچی دیتا ہے اور اب اس شہر کو ہم بنائیں گے۔

mustafa kamal

Khalid Maqbool Siddiqui

MQM Pakistan

ٖFarooq Sattar

General Workers Meeting

Fawara Chowk Dharna

Anees Qaimkhani