Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ملک ڈیفالٹ ہوسکتا ہے، مریم نواز

شاہد خاقان عباسی سمیت اپنے سینئرز کی سرپرستی میں کام کروں گی، مریم نواز
شائع 02 فروری 2023 03:36pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ بہاولپور کےعوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں، عوام نے بہت عزت سے نوازا، میں آپ تمام کی شکرگزار ہوں۔

بہاولپور میں لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بہاولپور کے تمام عہدیداران سے ملاقات ہوئی اور پارٹی تنظیم کے حوالے سے گفتگو ہوئی، عوامی رابطہ مہم ن لیگ کی قوت میں اضافہ کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف بہت جلد پاکستان واپس آئیں گے۔

پی ٹی آئی چئیرمین پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان انگلی پکڑ کر اقتدار کے مزے لیتے رہے، ن لیگ کا اصولی مؤقف ہے، ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے، میں صحافی برادری کے ساتھ دل وجان سے کھڑی ہوں۔ مسلم لیگ ن آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، لیکن کچھ لوگوں نے صحافت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔

خیبر پختونخوا میں ہونے والے خودکش حملے اور وفاق سے فنڈز نہ ملنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پشاور واقعہ بہت افسوس ناک ہے، پختونخوا میں گھڑی چور کی حکومت 10 سال تک رہی، انہوں نےدہشتگردوں کیلئےدروازےکھولے، انہیں ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے پنجاب آنا پڑتا ہے۔ خیبرپختونخوا میں پولیس نہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پتا ہے اگر آج مہنگائی ہے تو کس کی وجہ سے ہے، لوگوں کو پتا ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ کون کرکے گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے پاسداری حکومت کی مجبوری ہے، معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ملک ڈیفالٹ ہوسکتا ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے سے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، ہم ریلیف دینا چاہیں تو بھی نہیں دے پارہے، ن لیگ بیساکھیوں کا سہارا نہیں لے گی۔

شاہد خاقان عباسی کے استعفے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ میرے بڑے بھائی ہیں اور پارٹی کے دیرینہ ساتھی ہیں، اپنے استعفے کی بات وہ خود کلئیر کرچکے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی ایک باوفا اور بااصول آدمی ہیں، میں خود جاکر ان سے ملاقات کروں گی۔ میں شاہد خاقان عباسی سمیت اپنے سینئرز کی سرپرستی میں کام کروں گی۔

PMLN

Maryam Nawaz