سعودی عرب میں سیرو تفریح آسان - مسافروں کیلئے نیا ویزا متعارف
سعودی عرب کی جانب سے فضائی سفر کے ذریعے مملکت میں آنے والوں کے لیے ”الیکٹرانک اسٹاپ اوور ٹرانزٹ“ ویزا جاری کرنے کا آغاز کردیا ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی ویزہ سروس 30 جنوری بروز پیر سے نافذ العمل ہوگئی ہے، جبکہ مذکورہ ویزا رکھنے والے افراد مملکت میں چار دن رہ سکتے ہیں جس کی مُدت تین ماہ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے وزارت خارجہ کے ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا کہ ویزا مفت ہے، جسے فلائٹ ٹکٹ کے ساتھ ہی فوری طور پر جاری کیا جائے گا، یہ سروس متعلقہ حکام کے ساتھ مل کرسعودی قومی ایئر لائنز کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔
”الیکٹرانک اسٹاپ اوور ٹرانزٹ“ مسافروں کو سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی اور مدینہ میں مسجد نبوی (ص) کی زیارت کے علاوہ مملکت کے اندر سفر کرنے کے ساتھ ہی ساتھ سیاحتی پروگراموں میں شرکت کی اجازت دیتا ہے۔
”الیکٹرانک اسٹاپ اوور ٹرانزٹ“ کیسے حاصل کیا جائے؟
ویزا حاصل کرنے کے حوالے سے وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ٹرانزٹ ویزا کے لیے درخواستیں سعودی عربین ایئرلائنز اور فلائناس کے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
جہاں آپ کی درخواستیں خود بخود وزارت خارجہ کے یونیفائیڈ نیشنل ویزا پلیٹ فارم کو بھیج دی جائیں گی تاکہ ڈیجیٹل ویزا کو فوری طور پر پروسیس کرکے بذریعہ ای میل بھیجا جاسکے۔
سعودی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اس طرح کے اقدامات مملکت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ہی وژن 2030 کے مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔
Comments are closed on this story.