Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کی خواتین کیلئے ’پنک بس‘ آج سے سڑکوں پر

خواتین کیلئے بس سروس چلا کرکوئی احسان نہیں کیا، شرجیل میمن
اپ ڈیٹ 01 فروری 2023 04:06pm
بس سروس پہلے مرحلے میں کراچی کے 2 روٹس پر چلائی جائے گی - تصویر/ ٹوئٹر
بس سروس پہلے مرحلے میں کراچی کے 2 روٹس پر چلائی جائے گی - تصویر/ ٹوئٹر

وزیراطلاعات سندھ اورٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سکھرمیں بھی پیپلزبس سروس شروع کرنے جارہے ہیں جس میں بھی خواتین کاحصہ مختص ہے۔

کراچی میں خواتین کیلئے پنک بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواتین کومضبوط کرنے سے پورا خاندان مضبوط ہوتا ہے ہم پرلازم ہے کہ خواتین کیلئے مفید پالیسیاں بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا ساتھ ہی سکھرمیں بھی پیپلزبس سروس شروع کرنے جارہے ہیں جس میں بھی خواتین کاحصہ مختص ہے، خواتین کیلئے بس سروس چلا کرکوئی احسان نہیں کیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معاشرہ اگر ہماری خواتین کو اگنور کرے گا، تو وہ معاشرہ کامیاب نہیں ہوگا، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ خواتین کو ماحول فراہم کریں تاکہ وہ گھر سے باہر نکل کر کام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے ہر شہر میں خواتین بس سروس لائیں، کراچی پاکستان کا پہلا شہر ہے جہاں ای وی بسیں چل رہی ہیں جبکہ مہنگائی کے دور میں سستی بس سروس کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز بس سروس، اورینج لائن اور ای وی بسوں میں بھی خواتین کے لیے سیٹیں مختص ہیں، یہ سروس اس تعداد تک محدود نہیں ہوگی، ڈیمانڈ کے تحت ان بسوں میں اضافہ کریں گے۔

پنک بس سروس پہلے مرحلے میں 2 روٹس پر چلائی جائے گی

کراچی میں خواتین کے لیے مخصوص پیپلز پنک بس سروس کا آج سے باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے، بس سروس پہلے مرحلے میں کراچی کے 2 روٹس پر چلائی جائے گی۔

پِنک بس میں مرد مسافروں کا داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ ابتدائی طور پر ایک روٹ ماڈل کالونی سے براستہ شاہراہ فیصل، میٹروپول، آئی آئی چندریگر روڈ سے میری ویدر ٹاور تک ہے۔

بس کا دوسرا روٹ میری ویدر ٹاور سے صدر کے راستے ضلع سینٹرل تک جائے گا، جو بعد میں چلایا جائے گا جبکہ پنک بس سروس کا کرایہ 50 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

Sindh government

Sharjeel Memon

Pink Bus Services