Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور دھماکے کے بعد اسلام آباد، سندھ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی
اپ ڈیٹ 30 جنوری 2023 03:48pm
تصویر/ اے پی پی
تصویر/ اے پی پی

پشاور پولیس لائن میں ہونے والے دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے ٹوئٹر پرجاری بیان میں کہا کہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے شہرمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

ٹوئٹ میں لکھا کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھانے کے ساتھ ہی سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جبکہ اہم ناکہ جات اور عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کر دیے گئے ہیں۔

مزید لکھا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس تھرمل امیجنگ کی صلاحیت سے لیس ہے، ساتھ ہی شہریوں کو ہدایت دی کہ شہری دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

سندھ میں بھی پولیس ہائی الرٹ

دوسری جانب آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں سمیت دیگر تمام مذہبی مقامات پر سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیئے جائیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ کو سخت اور نتیجہ خیز بنایا جائے اور داخلی اور خارجی پوائنٹس پر پولیس کی ناکہ بندی کو غیرمعمولی بنایا جائے، ساتھ ہی علاقوں میں ریکی نگرانی اور ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن کی بدولت جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کو کامیاب بنایا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زونز، ڈسٹرکٹس، پولیس اسٹیشنز کے باہمی روابط سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے ساتھ بھی مسلسل روابط رکھے جائیں۔

اسلام آباد

peshawar