Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کی سیاست ایک کے بعد دوسرا روپ بدلتی ہے، وزیر دفاع

خواجہ آصف نے آصف زرداری کے خلاف عمران خان کے بیان کی مذمت کردی
اپ ڈیٹ 29 جنوری 2023 02:50pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار ہے، ان کی سیاست ایک کے بعد دوسرا روپ بدلتی ہے، زرداری اور پی ڈی ایم قیادت گرفتار ہوسکتی ہے تو عمران خان کیوں نہیں؟ عمران خان کے اوپر تو سچے الزامات ہیں ۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے آصف زرداری کے خلاف عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا کہ آصف زرداری نے ان کی سپاری دی، پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی قربانی دی، بینظیر بھٹو نے دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جان دی، اتنے بڑے سانحہ کے باوجود پیپلزپارٹی نے تشدد کا راستہ نہ اپنایا۔

وزیردفاع نے کہا کہ عمران خان نے ہماری سیاست کا رخ تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی، پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ کو جان کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے، عمران خان کا مقصد بھی یہ ہے کہ سیاست میں خون خرابہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے بہت سے کارڈ کھیلے اور یہ نیا پتہ کھیلا، اس سے ملک تباہی سے دوچار ہوسکتا ہے، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم حکومت کا ایک بڑا حصہ ہے، عمران کو اقتدار چھن جانے کا غم ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا سے شروع ہونے والا الزام محسن نقوی پر آگیا، استعفے دیے اور بڑھکیں ماریں کہ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا، استعفے منظور ہونے شروع ہوگئے تو کہا اسمبلی میں واپس جارہے ہیں، استعفے منظور ہوگئے تو اب عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں جارہا ہے، یہ ایک دن میں پینترے بدل لیتا ہے، کوئی سانحہ ہوا تو اس کی ذمہ داری عمران خان پر ہوگی۔

ن لیگ کے رہنما نے مزید کہا کہ اس وقت ہم آوازیں دیتے رہے کہ اسمبلی آجاؤ، جب استعفے منظور ہوئے تو بھاگے بھاگے آجاتے ہیں، مجھ پر آرٹیکل 6 بغاوت کا مقدمہ بنایا گیا تھا، کابینہ نے میرے خلاف بغاوت کے مقدمے کی منظوری دی تھی، میں جیل گیا تو نہ کھانا اور نہ بستر ملا، میں ریمانڈ کے لئے عدالت آیا لیکن رونا دھونا نہیں ڈالا، ان کے ساتھ تو کچھ نہیں ہوا، انہیں سہولتیں میسر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویزالہٰی نے ان کے بارے میں جو کہا انہوں نے بات ہی ختم کردی، ضمانت ہوجاتی ہے تو خود باہر آکر پرویزالہٰی کی بات کا جواب دیں، عمران خان پچھلے 3 ماہ سے چھپ کے بیٹھا ہوا ہے، عمران خان نے بنی گالا سے پارلیمنٹ آنے جانے میں 96 کروڑ روپے خرچ کیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اگر نوازشریف اور آصف زرداری گرفتار ہوسکتے ہیں تو عمران خان کیوں نہیں ہوسکتا، ہم قانون اور آئین کا سارا پراسیس پورا کرنا چاہتے ہیں، ہم شوقیہ کسی کی گرفتار نہیں کرنا چاہتے، قانون کے مطابق ذمہ دار کو گرفتار کریں گے۔

وزیردفاع نے مزید کہا کہ اشرافیہ اربوں روپے اپنے بچوں کی شادی میں جھونک دیتے ہیں، غریب کے پاس مرنے کے بعد قبر کے بھی پیسے نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز پیٹرول سے متعلق افواہ پھیلی، پمپوں میں پیٹرول ذخیرہ کرکے بیٹھے تھے، پیٹرول پمس مالکان پیٹرول مہنگا ہونے کا انتظار کررہے تھے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے، اسمبلیاں ہم نے نہیں انہوں نے خود ہی توڑی ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مجبوری میں فیصلے کرنے پڑرہے ہیں۔

PMLN

imran khan

Khuwaja Asif

Defence Minister

Sialkot