Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ داری راناثناء پر ہوگی، شبلی فراز

حکمران ٹولے نے ملک کی اینٹ سے اینٹ بجادی ہے، پی ٹی آئی رہنما
شائع 27 جنوری 2023 01:23pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سب کو پتہ ہے کہ عمران خان کو خطرہ کہاں سے ہے، کچھ ہوا تو ذمہ داری راناثناء پر ہوگی۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے شبلی فراز نے کہا کہ تمام سابق وزرائے اعظم کو سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے، عمران خان پر کچھ عرصہ قبل قاتلانہ حملہ ہواتھا، عمران خان کی جان کو اب بھی خطرات ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہماری سیاست قانون اور آئین کے دائرے میں ہے، عمران خان نے کبھی عوام کو نہیں اکسایا، عمران خان قانون سے باہر کسی کام پر یقین نہیں رکھتے، ان کی سیکیورٹی کو واپس لے لیا گیا ہے، ہم نے عدالتوں میں 2 درخواستیں دائر کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ عمران خان کو خطرہ کہاں سے ہے، کچھ ہوا تو ذمہ داری راناثناء پر ہوگی، یہ غیر منتخب لوگ خاص ایجنڈے پر آئے ہیں، یہ لوگ وقت پر الیکشن نہیں چاہتے، یہ لوگ اپنے اقتدار کو طوالت دینا چاہتے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت میں سیاسی لوگوں کو لگایا گیا ہے، عملی طور پر قانون کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا ہے، آئین پرعملدراری ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران آئین شکنی کررہے ہیں، آئین شکنی پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، یہ لوگ ملک کو بنانا ری پبلک بنارہے ہیں، ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، ملکی سالمیت خطرے میں ہے۔

سابق وفاقی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ حکمران ٹولے نے ملک کی اینٹ سے اینٹ بجادی ہے، قانون حکمران ٹولے کے گھر کی لونڈی بن گیا ہے، پنجاب میں الیکشن کمیشن نے متنازع شخص کو نگراں لگایا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہم سب کی نظریں عدالتوں پر لگی ہوئی ہیں، عدالتیں ان اقدامات کو کالعدم قراد دیں جو آئین سے متصادم ہیں۔، ہم نےنگراں وزیراعلیٰ کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے، فرخ حبیب قانون کی عمل داری کے لئے احتجاج کررہے تھے، فواد چوہدری کو بھونڈے انداز میں گرفتار کیا گیا۔

pti

Farrukh Habib

shibli faraz

fawad chaudhry

imran khan

lahore

Fawad Chaudhry arrested